ایک شخص نے اپنے 70 ہزارکے اسکوٹر پر مخصوص نمبر پلیٹ لگانے کیلئے لاکھوں روپے خرچ کر ڈالے

ہریانہ (پی این آئی) بھارت میں ایک شخص نے اپنے تقریباً 70 ہزار سے زائدکے اسکوٹر پر مخصوص نمبر پلیٹ لگانے کے لیے 15 لاکھ بھارتی روپے سے زیادہ خرچ کر ڈالے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق چندی گڑھ کے رہائشی برج موہن نے حال ہی میں رجسٹریشن اور لائسنسنگ اتھارٹی کی جانب سے منعقدہ نیلامی میں 0001 پر ختم ہونے والی مخصوص نمبر پلیٹ 15 لاکھ بھارتی روپے ( یعنی 36 لاکھ پاکستانی روپے سے زائد) میں خریدی۔

رپورٹس کے مطابق ہریانہ کے وزیر اعلیٰ منوہر لال کھٹر نے اعلان کیا ہوا ہے کہ حکومت اضافی آمدنی حاصل کرنے کے لیے کچھ ‘خصوصی’ نمبر پلیٹس کو نیلامی کے ذریعے عوام کو دے گی۔اسی اعلان کے بعد اشتہارکی ایجنسی چلانے والے موہن نے 0001 نمبر کو حاصل کرنے کے لیے سرکاری نیلامی میں 15 لاکھ سے زائد بھارتی روپے خرچ کردیے۔بھارتی میڈیا کے مطابق موہن کا کہنا ہے کہ اس نے یہ خصوصی نمبر پلیٹ نئی گاڑی کے لیے خریدی ہے جو وہ 2022 میں دیوالی کے تہوار کے موقع پر خریدنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ تاہم اس وقت تک یہ اسکوٹر پر لگی رہے گی۔رپورٹ کے مطابق چندی گڑھ کی رجسٹریشن اور لائسنسنگ اتھارٹی نے کل 378 لائسنس پلیٹوں کو نیلامی میں فروخت کے لیے رکھا تھا اور اس سے تقریباً 1.5 کروڑ بھارتی روپے کی اضافی آمدنی ہوئی ۔اطلاعات کے مطابق 0001 پر ختم ہونے والی نمبر پلیٹ دراصل 179 سرکاری گاڑیوں میں استعمال ہو رہی ہے جن میں سے 4 خود ہریانہ کے وزیر اعلیٰ کی ملکیت ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close