اسلام آباد (پی این آئی) مانچسٹر کی پرواز سے اسلام آباد پہنچنے والے مسافر کا بیگ غلطی سے دوسرا مسافر لے گیا۔ بیگ میں 42 لاکھ روپے مالیت کا سونا تھا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی نے مانچسٹر سے اسلام آباد آنے والی پرواز سے لاپتہ ہونے والا بیگ برآمد کر کے اصل مالک کے حوالے کر دیا ہے جس میں 42 لاکھ روپے مالیت کا سونا بھی موجود تھا۔اس حوالے سے ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ مسافر نائب خان 28 جنوری کو مانچسٹر سے اتحاد ائر ویز کی پرواز سے اسلام آباد پہنچے تھے،
جہاز سے اترنے کے دوران طیارے کے کیبن سے ان کے دستی سامان میں شامل ایک بیگ لاپتہ ہو گیا۔ ترجمان کے مطابق مسافر کی جانب سے سول ایوی ایشن اتھارٹی کے شکایت سیل کو آگاہ کیا گیا، جس پر اسلام آباد ائر پورٹ کی ٹیم نے آئی پی ایم عدنان کی قیادت میں کام شروع کیا۔ سول ایوی ایشن کے عملے نے ائر پورٹ کی مختلف سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے اسی پرواز کے ایک اور مسافر رب نواز کی نشاندہی کی جنہیں لاپتہ بیگ لے جاتے ہوئے دیکھا گیا۔
سول ایوی ایشن کے عملے نے اس مسافر کا ڈیٹا حاصل کیا، جس سے مسافر کے فراہم کردہ نمبر کا سراغ لگایا اور رابطہ کر کے انہیں ائر پورٹ بلوایا۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ حالات و واقعات سے ظاہر ہوا کہ مسافر رب نواز دوسرے مسافر نائب خان کا دستی بیگ غلطی سے لے گئے تھے۔اسلام آباد انٹرنیشنل ائر پورٹ پر اترنے کے 13 دن بعد قیمتی بیگ اصل مالک نائب خان کے حوالے کر دیا گیا۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں