بیٹے کی خواہشمند خاتون کے سر میں کیل ٹھونکے جانے کا معاملہ، کیس میں نئے انکشافات سامنے آ گئے، شوہر کو پولیس نے طلب کر لیا

پشاور (پی این آئی) نرینہ اولاد کی خواہشمند خاتون کے سر میں جعلی عامل کی طرف سے کیل ٹھونکے جانے کے خوفناک کیس میں نیا انکشاف سامنے آ گیا ہے جس کی بنیاد پر پشاور پولیس نے خاتون کے شوہر کو آج تھانے میں طلب کر لیا ہے۔ پشاور کے مقامی میڈیا کی رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ جعلی عامل کے حوالے سے سامنے آنے والے کیس میں خاتون کے سر میں کیل ٹھوکنے کے واقعے میں نیا موڑ آ گیا ہے، پولیس کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق متاثرہ خاتون کی صرف لڑکیاں نہیں،

اس کے 3 بچوں میں سے 2 بیٹے اور 1 بیٹی ہے۔ اس حوالے سے پشاور پولیس کا کہنا ہے کہ اس معاملے میں گھریلو تشدد خارج از امکان نہیں ہے۔ پشاور پولیس نے خاتون کے خاوند کا سراغ لگا لیا ہے، متاثرہ خاتون کے شوہر کو آج تھانے طلب کیا گیا ہے۔ اس سے قبل یہ بات سامنے آئی تھی کہ متاثرہ خاتون کی 3 بیٹیاں ہیں اور نرینہ اولاد نہیں ہے، خاتون کے شوہر کو بیٹیاں پسند نہیں تھیں، بیٹے کی پیدائش کی خواہش پر جعلی عامل کے کہنے پر خاتون کے سر میں کیل ٹھونکی گئی تھی۔

اب خاتون کے 2 بیٹے بھی ہونے کا انکشاف ہوا ہے اور پولیس خاتون کے سر میں کیل ٹھونکے جانے کی ٹھوس وجہ کی تلاش میں سرگرداں ہے۔ ایک روز قبل متاثرہ خاتون کو علاج کے لیے لیڈی ریڈنگ اسپتال لایا گیا تھا، اسپتال کے نیورو سرجن ڈاکٹر حیدر نے بتایا تھا کہ خاتون حاملہ تھی اور اس کے سر پر گہری چوٹ آئی تھی، کیل کو سرجری کے ذریعے نکال کر خاتون کو ڈسچارج کر کے گھر روانہ کر دیا گیا تھا۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں