گھر پر چھاپہ، 8 کروڑ روپے اور 3 کلو سونا برآمد، ایک کروڑ روپے پانی کے ٹینک میں چھپائے گئے تھے

بھوپال (آئی این پی)بھوپال میں شراب کے بیوپاری کی املاک پر چھاپے مار کر 8 کروڑ روپے نقد، 3کلو سونا برآمد کیا گیا، ایک کروڑ روپے پانی کے ٹینک میں چھپائے گئے تھے۔بھارتی نیوز ایجنسی کے مطابق انکم ٹیکس ڈیپارٹمنٹ نے شراب کے بڑے بیوپاری شنکر رائے کے گھر ودیگر پراپرٹیز پر چھاپے مارے اور مجموعی طور پر 8کروڑ روپے نقد اور تین کلوگرام سونا برآمد کرکے ضبط کرلیا۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ برآمد کیے گئے کرنسی نوٹوں میں سے ایک کروڑ روپے بیگ میں رکھ کر زیر زمین پانی کے ٹینک میں چھپائے گئے تھے۔

اس حوالے سے ایک ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے جس میں انکم ٹیکس ڈیپارٹمنٹ کے عملے کو استری اور ڈرائر کے ذریعے کرنسی نوٹوں کو خشک کرتے دکھایا گیا ہے۔ چھاپہ مار ٹیم کے سربراہ اور جوائنٹ کمشنر انکم ٹیکس ڈیپارٹمنٹ جبل پور من من شرما کا کہنا ہے کہ انکم ٹیکس ڈیپارٹمنٹ نے رائے فیملی سے8 کروڑ روپے ضبط کیے ہیں جن میں پانی کے ٹینک میں چھپائے گئے ایک کروڑ روپے بھی شامل ہیں، اس کے علاوہ 3 کلو سونا بھی ضبط کیا گیا ہے۔

جوائنٹ کمشنر کے مطابق کارروائی گزشتہ جمعرات کی صبح 6 بجے شروع کی گئی اور مسلسل 39 گھنٹوں تک تلاشی جاری رہی، یہ چھاپے شنکر رائے فیملی کی 10 مختلف املاک پر مارے گئے۔من من شرما کے مطابق رائے فیملی کا شراب کے علاوہ ٹرانسپورٹ، ہوٹلز، بارز اور پیٹرول پمپس کے بھی کاروبار ہیں۔واضح رہے کہ شنکر رائے کاروباری شخصیت ہونے کے ساتھ کانگریس لیڈر اور سابق میونسپل صدر بھی ہے جب کہ ان کے بھائی کمل رائے بی جے پی رہنما اور میونسپلٹی کے نائب صدر ہیں۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close