فیس بک، واٹس ایپ اور انسٹاگرام سروس کی خرابی میں خلائی مخلوق کا کردار نکلا؟ تہلکہ خیز دعویٰ

نیویارک(پی این آئی) دو روز قبل فیس بک، انسٹاگرام اور واٹس ایپ 7گھنٹے کے لیے دنیا بھر میں بند رہیں۔ فیس بک انتظامیہ کی طرف سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا کہ فیس بک اور اس کی ذیلی سوشل میڈیا کمپنیاں سرورز میں خرابی کے سبب آف لائن ہوئیں، اس کے باوجود اس حوالے سے کئی طرح کے سازشی نظریات گردش میں ہیں۔

 

 

 

کئی لوگ دعویٰ کر رہے ہیں کہ یہ ہیکرز کی کارروائی تھی اور وہ ہیکنگ کی اس بہت بڑی واردات میں اربوں فیس بک، انسٹاگرام اور واٹس ایپ صارفین کا نجی ڈیٹا چور کر چکے ہیں۔اب اس حوالے سے ایک اور حیران کن دعویٰ بھی سامنے آ گیا ہے۔دی سن کے مطابق یہ دعویٰ 74سالہ ماہر عملیات یوری گیلر کی طرف سے کیا گیا ہے جس کا کہنا ہے کہ فیس بک، انسٹاگرام اور واٹس ایپ کے بند ہونے کی واردات میں خلائی مخلوق ملوث ہے۔ یوری نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک ٹویٹ کے ذریعے کہا ہے کہ ”نیشنل سکیورٹی ایجنسی، پینٹاگون اس واقعے کی دیوانہ وار تحقیقات کر رہی ہے۔ خلائی مخلوق کی ٹیکنالوجی یہ سب کر سکتی ہے۔ انسانوں کے ایٹمی بیلسٹک میزائل سسٹمز خطرے میں ہیں۔ اس میں روس اور چین بھی ملوث ہیں۔ “ انہوں نے مزید لکھا کہ ”خلائی مخلوق زمین پر ایٹمی ہتھیاروں کو بھی نشانہ بنارہے ہیں۔“ انہوں نے اس دعوے کے ساتھ یہ مطالبہ بھی کیا ہے کہ اس معاملے کی تحقیقات کی جانی چاہئیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close