وہ گھوڑا جسے ہنہنانے اور شو شرابہ کرنے کی سزا ساڑھے تین سال قید با مشقت سنا دی گئی

ماسکو(پی این آئی)چند روز قبل روس کے ایک شہری کو ساڑھے تین سال قید بامشقت کی سزا سنائی گئی کیونکہ وہ پچھلے دو سال سے شور مچا کر اور گھوڑے کی زوردار ہنہناہٹوں کی آوازوں سے اپنے پڑوسیوں کو پریشان کررہا تھا۔خبروں کے مطابق، یوری کوندراتیف نامی یہ 47 سالہ شخص روسی شہر نژنی نوفگورود کا رہائشی ہے جس کے پڑوسی پچھلے دو سال سے اس کے خلاف مقامی تھانے میں شکایات جمع کروا رہے ہیں۔اس کا کہنا ہے کہ دو سال پہلے پڑوسیوں کے بچوں نے شور مچا کر اسے پریشان کیا تھا، جس کا بدلہ لینے کےلیے اس نے یہ راستہ اختیار کیا۔تاہم اس کی عمارت میں رہنے والے کہتے ہیں کہ یہ شخص نفسیاتی مریض ہے جس کی حرکتوں کی وجہ سے اس کی بیوی بھی اسے تین سال پہلے چھوڑ کر جاچکی ہے۔ تب سے یہ اکیلا ہی رہ رہا ہے۔یوری کوندراتیف بیروزگار ہے اور سرکاری الاؤنس پر اپنا خرچہ پورا کررہا ہے۔ وہ سارا دن گھر میں رہتا ہے اور اپنے پڑوسیوں کو تنگ کرنے کے نت نئے طریقے ڈھونڈتا رہتا ہے۔وہ اکثر رات کو تیز آواز میں میوزک لگا دیتا ہے جو کئی گھنٹوں تک اس کے پڑوسیوں کی نیند حرام کرتا رہتا ہے جبکہ اس کے فلیٹ سے تقریباً روزانہ ہی گھوڑے کے ہنہنانے کی اونچی آوازیں بھی آتی رہتی ہیں جو آس پاس رہنے والوں کےلیے ذہنی اذیت کا باعث بنتی ہیں۔2019 میں کوندراتیف کے پڑوسیوں نے اس کی ذہنی حالت خراب ہونے سے متعلق درخواست بھی جمع کرائی تھی جس پر اس کا نفسیاتی معائنہ کیا گیا۔ البتہ، ڈاکٹروں نے اسے دماغی طور پر بالکل صحت مند قرار دے کر واپس بھیج دیا اور پاگل خانے میں رکھنے سے معذرت کرلی۔کوندراتیف نے اپنی دماغی صحت درست ہونے سے متعلق ڈاکٹروں کے اس سرٹیفکیٹ کی درجنوں فوٹو کاپیاں کروائیں اور انہیں اپنے پڑوسیوں کے دروازوں اور عمارت کی راہداری میں جگہ جگہ چپکا دیا۔پچھلے سال دسمبر میں کوندراتیف کے خلاف 80 سے زیادہ شکایتیں جمع ہوگئیں تو پولیس نے اسے گرفتار کرلیا اور باقاعدہ مقدمہ بنا کر مقامی عدالت میں دائر کردیا۔دورانِ سماعت یہ ثابت ہوگیا کہ کوندراتیف جان بوجھ کر اپنے پڑوسیوں کو تنگ کرنے اور انہیں ذہنی اذیت پہنچانے کےلیے یہ ساری کارروائیاں کرتا ہے۔ان مصدقہ معلومات کی روشنی میں مقامی عدالت نے رشین کریمنل کوڈ کی دفعہ 117 کے تحت کوندراتیف کو ساڑھے تین سال قید بامشقت سنانے کا اعلان کیا۔اس دفعہ کا تعلق کسی فرد کو ارادی طور پر ذہنی و جسمانی تکلیف میں مبتلا کرنے سے ہے، جبکہ روسی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ جب کسی شخص کو دفعہ 117 کے تحت سزا سنائی گئی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close