جہاز میں ماسک نہ پہننے والے مسافر کو 30 لاکھ روپے سے زائد جرمانہ

ڈیلاس (پی این آئی) ماسک نہ پہننے کے بعد فلائٹ سے اتارے جانے اور ساؤتھ ایسٹ ایئرلائنز کے اہلکار کے منہ پر مکہ مارنے والے مسافر پر 30 لاکھ روپے سے زائد یعنی21 ہزار ڈالر جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ امریکہ کی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن کے مطابق ڈیلاس فورٹ فورتھ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پیش آنے والے واقعے کے ذمہ دار شخص کو جرمانہ کیا گیا ہے۔ مذکورہ مسافر نے 22 فروری کو بورڈنگ سے قبل اور جہاز پر سوار ہونے کے بعد ماسک پہننے سے انکار کر دیا تھا۔ فلائٹ اٹینڈنٹس اور کپتان نے متعدد مرتبہ انہیں ماسک پہننے کا کہا اور انہیں ماسک فراہم بھی کیا گیا لیکن انہوں نے وہ بھی ہٹا دیا تھا۔ اس ساری صورت حال کے بعد کپتان نے رن وے سے جہاز واپس موڑا اور مسافر کو طیارے سے اتار دیا تھا۔ ایف اے اے کے مطابق کسٹمر سروس سپروائزر نے جہاز پر آکر مسافر کو نیچے اتارنا چاہا تو انہوں نے پہلے ماسک ملازم پر پھینکا اور پھر انہیں جبڑے پر مکا مار دیا، جہاز سے نکلتے ہوئے بھی مسادر نے ماسک پہننے سے انکار کیا۔ وفاقی حکام کے مطابق مسافر کو حراست میں رکھ کر جواب طلبی کی گئی ہے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close