پولیس کا امتحان، کراچی پولیس چیف فرضی موبائل فون کی گمشدگی کا مسئلہ لیکر تھانے پہنچ گئے

کراچی (آن لائن)کراچی پولیس چیف پولیس کے عام شہریوں کے ساتھ رویے کی جانچ کے لیے فرضی موبائل فون کی گمشدگی کا مسئلہ لیکر تھانے پہنچ گئے ، تھانے کے عملے نے انہیں نہیں پہچانا اور عام شہریوں کی طرح ادھر ادھر گھماتے رہے۔ اس سلسلے میں کراچی پولیس ترجمان کے مطابق ایڈیشنل آئی جی کراچی عمران یعقوب منہاس کا تھانہ شاہراہ فیصل کا اچانک دورہ، کراچی پولیس چیف پرائیویٹ گاڑی میں عام شہری کی حیثیت سے تھانے پہنچے۔ کراچی پولیس چیف نے تھانے کے عملے کی کارکردگی کو عام آدمی/سائل کی حیثیت سے پرکھا اور خود کو اسٹریٹ کرائم کی واردات کا متاثر ظاہر کیا۔ تھانے کے عملے کیجانب سے سائل کی شکایت کو پیشہ ورانہ انداز سے حل نہ کرنے پر ایس ایچ اور رات کی ڈیوٹی پر مامور اہلکاروں کو کراچی پولیس آفس طلب کیا گیا جہاں انکے رویوں میں بہتری لانے اور تھانوں پر سائلین کے مسائل کے حل کیلئے قانون کے مطابق حکمت عملی ترتیب دینے اور اس پر عمل پیرا ہونے کا حکم دیا گیا۔ ایس ایچ تھانہ شاہراہ فیصل سمیت عملے کو وارننگ جاری کی گئی کہ اگلی بار کسی بھی قسم کی غفلت برتنے پر سخت محکمہ جاتی کارروائی کی جائیگی۔ ایڈیشنل آئی جی کراچی نے شہر کے مختلف تھانوں میں سرپرائز وزٹ کرنے اور تھانیداروں اور عملے کی کارکردگی کو خود مانیٹر کرنے کا ارادہ ظاہر کیا، غیر تسلی بخش کارکردگی پر عملے سمیت سپروائزری آفیسر کیخلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں