مصر سے ہزاروں سال پرانا شہر دریافت، یہ کس نے بنوایا تھا اور وہاں کیا کچھ ہے؟

مصر میں بوائے کنگ (معروف فرعون طوطن خامن) کے ’عالی شان‘مقبرے کے بعد اب تک کی سب سے بڑی دریافت کر لی گئی ہے۔ میل آن لائن کے مطابق یہ نئی دریافت اس گمشدہ شہر کی ہے جو آج سے ساڑھے 3ہزار سال پہلے طوطن خامن نامی فرعون کے دادا بادشاہ امن ہوتیب سوئم نے تعمیر کرایا تھا۔ اس شہر کو ’گمشدہ گولڈن سٹی‘ کے نام سے پکارا جاتا ہے۔ یہ مصر کے شہر لکسور کے قریب دریافت ہوا ہے۔ رپورٹ کے مطابق اس شہر میں گھروں کے سٹرکچر، سڑکیں، بیکریاں، ورکشاپس اور حتیٰ کہ مقبرے بھی ہیں۔ ماہرین آثار قدیمہ نے اس شہر سے ملنے والے برتنوں اور دیگر اشیاءسے اس کے تعمیر کیے جانے کے دور کا اندازہ لگایا ہے۔ یہاں سے ملنے والی اینٹوں پر بادشاہ امن ہوتیب سوئم کی مہر پائی گئی ہے چنانچہ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ شہرممکنہ طور پر انہوں نے ہی تعمیر کرایا تھا۔اس شہر کے اندر ایک ’انتظامیہ علاقہ‘ ہے، جس کے چاروں طرف زگ زیگ کے انداز میں ایک دیوار کرکے اسے باقی شہر سے الگ کیا گیا ہے۔ اس علاقے میں جانے کے لیے دیوار میں ایک ہی جگہ پر دروازہ لگایا گیا تھا۔ اس دیوار و دیگر تنصیبات کا ڈیزائن سکیورٹی سسٹم کے طور پر بھی کام کرتا تھا۔ پورے شہر کا سٹرکچر کچھ اس طرح کا تھا کہ ہر علاقے کے مکینوں کو اپنے علاقے کے داخلی و خارجی راستوں پر کنٹرول حاصل تھا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ایک صدی قبل دریافت ہونے والے طوطن خامن کے لگژری مقبرے کے بعد یہ اب تک کی سب سے بڑی دریافت ہے، جس سے ہمیں قدیم مصری تہذیب کے بارے میں بہت کچھ جاننے کو ملے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close