ہوا میں اڑتے بحری جہاز کی تصاویر وائرل

لندن(این این آئی ) برطانیہ کے ساحلی علاقے کی ایسی تصاویر وائرل ہوئی ہیں جس میں بحری جہاز پانی سے اوپر اڑتا ہوا محسوس ہوتا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق یہ آنکھوں کو دھوکا دینے والی تصاویر ہیں جس کو ڈیوڈ مورس نے کورنوال کے علاقے فال ماتھ کے قریب کھینچا تھا۔ ماہر موسمیات ڈیوڈ برائن نے

کہا کہ اس طرح کا انوکھا نظارہ ایسے خاص ماحول میں خم دار روشنی کا نتیجہ ہوتا ہے۔اس طرح کے آنکھوں کو دھوکا دینے والی تصاویر کے لیے سپرئیر میراج کی اصطلاح استعمال کی جاتی ہے، جس میں بینائی کے سامنے والی لکیر میں ہوا اوپر کے مقابلے میں زیادہ ٹھنڈی ہوتی ہے۔انہوں نے بتایا کہ اس طرح کے نظارے آرکٹک میں عام ہوتے ہیں مگر برطانیہ میں موسم سرما کے دوران کبھی کبھار ہی نظر آتے ہیں۔فوٹوگرافر ڈیوڈ مورس نے بتایا کہ وہ تصویر کو کھینچنے کے بعد دنگ رہ گئے تھے سپرئیر میراجز اس وقت ہوتے ہیں جب سمندر کی سطح کے قریب ہوا اوپر موجود ہوا سے زیادہ ٹھنڈی ہوتی ہے،انہوں نے بتایا کہ ٹھنڈی ہوا میں کثافت گرم ہوا کے مقابلے میں زیادہ ہوتی ہے، جس کے نتیجے میں ساحل یا زمین پر کھڑے فرد کی آنکھوں کی جانب جانے والی ہوا خم کھا جاتی ہے اور نظر آنے والی چیز بدلی ہوئی نظر آتی ہے۔ان کے بقول اس طرح کے مناظر میں مختلف تصاویر کیمرے کی آنکھ میں محفوظ ہوجاتی ہیں، جیسے ان تصاویر میں بحری جہاز پانی سے اوپر اڑتا محسوس ہورہا ہے جبکہ کئی بار وہ چیز کسی دوسرے اینگل سے نظر آتی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں