سیاہ کاری کا الزام، جرگے نے ایک کروڑ چار لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا

میرپور ماتھیلو (این این آئی) گائوں درمحمد چاچڑ میں سیاہ کاری کے الزام میں جرگہ کرکے ایک کروڑ چار لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا۔ جرگہ کرنے والے بااثر افراد سمیت چھ افراد کے خلاف مقدمہ درج ، دو گرفتار دیگر کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں، تفصیلات کے مطابق پولیس اسٹیشن کچو بنڈی ون کی

حدود میں واقع گاں درمحمد چاچڑ میں با اثر افراد نے سیاہ کاری کے الزام میں ایک شخص عبدالحمید چاچڑ پر سندھ کی تاریخ میں ہونے والے سیاہ کاری کے تمام جرگوں سے زیادہ جرمانے کی رقم ایک کروڑ چار لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا، اس طرح کی خبر سوشل میڈیا و نشریاتی اداروں پر نشر ہونے کا ایس ایس پی گھوٹکی عمر طفیل نے فوری طور پر نوٹس لیتے ہوئے ڈی ایس پی گھوٹکی حافظ عبد القادر چاچڑ کو انکوائری آفیسر مقرر کرکے فوری انکوائری کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا جس پر ڈی ایس پی گھوٹکی نے علاقے میں جاکر انکوائری کی اور جرگے سے متاثر ہونے والے شخص اور دیگر کے بیانات قلمبند کئے جن کی روشنی اور دیگر معززین کے بیانات کی روشنی میں پولیس اسٹیشن کچو بنڈی ون پر متاثرہ عبدالحمید چاچڑ کے بھائی عبدالرحیم ولد غلام فرید چاچڑ کی مدعیت میں کرائم نمبر 13/2020 دفعہ 120,310,143 تعزیرات پاکستان کے تحت چھ ملزمان رئیس محمد نواز چاچڑ،رئیس نور احمد چاچڑ،ملھار چاچڑ،محمد علی چاچڑ،وادھل چاچڑ،فقیر محمد چاچڑ کے خلاف مقدمہ درج کر دیا گیا ہے، پولیس نے جرگہ کروانے والے مقدمہ میں نامزد ملزمان فقیر محمد چاچڑ اور وادھل چاچڑ کو گرفتارکر لیا ہے،پولیس دیگر ملزمان کو گرفتار کرنے کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close