دنیا کے دس مہنگے ترین شہروں کی فہرست جاری، دلچسپ تفصیلات آگئیں

لاہور (پی این آئی ) دنیا کے مہنگے ترین شہروں کی فہرست جاری کردی گئی، سوئٹرزلینڈ کا شہر زیورخ مہنگا ترین شہر قرار ۔ تفصیلات کے مطابق عالمی سطح پر رہن سہن پر آنے والے خرچے کا جائزہ لینے والے ادارے دی اکنامسٹ انٹیلی جنس یونٹ (ای آئی یو) کی جانب سے جاری فہرست میں مشترکہ طور پر سوئٹزرلینڈ

کا شہر زیورخ، فرانس کا دارالحکومت پیرس اور ہانگ کانگ دنیا کے مہنگے ترین شہر قرار پائے ہیں۔ای آئی یو کی رپورٹ میں سنگاپور رہائش کے حوالے سے چوتھا مہنگا ترین شہر قرار دیا گیا ہے۔ اسرائیلی شہر تل ابیب مہنگے ترین شہروں کی فہرست میں پانچویں نمبر پرہے۔ای آئی یو کی فہرست میں جاپانی شہر اوساکا کو چھٹا مہنگا ترین شہر قرار دیا گیا ۔ سوئٹزرلینڈ کا شہر جنیوا 7 واں اور امریکی شہر نیویارک 8 واں مہنگا ترین شہر قرار پایا ۔ڈنمارک کا شہر کوپن ہیگن کو فہرست میں 9 ویں جبکہ امریکی شہر لاس اینجلس کو 10 ویں نمبر پر رکھا گیا ہے ۔سال 2019 میں سستے ترین شہروں کی درجہ بندی میں شہر کراچی کو دنیا کا چھٹا سستا ترین شہر قرار دیا گیا تھا۔واضح رہے کہ ای آئی یو کے سروے میں دنیا کے 133 شہروں میں کورونا وائرس کے دوران صارفین کے قوت خرید کو بھی مد نظر رکھا گیا ہے اورشہروں کے موزانے کیلئے پیمانہ امریکا کے شہر نیویارک کی قیمتوں کو بنایا گیا ہے۔ فہرست کو مرتب کرتے وقت 130 شہروں میں 138 مصنوعات و خدمات پر آنے والے اخراجات کا جائزہ لیا گیا ہے جن میں نجی تعلیم، سماجی معاونت، قیام و طعام، لباس، گھر کا کرایہ، ٹرانسپورٹ اور دیگر اخراجات شامل ہیں۔ یاد رہے ہانگ کانگ اور سنگاپور گزشتہ سال مہنگے ترین شہر تھے تاہم رواں سال کورونا کے باعث فہرست میں ردو بدل ہوا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close