رشوت دے کر بیٹیوں کو کالج میں داخلہ دلانے پر اداکارہ کو جیل بھیج دیا گیا

نیویارک (این این آئی)رشوت دے کر بیٹیوں کا کالج میں داخلہ دلوانے کے جرم کا اعتراف کرنے والی امریکی اداکارہ 56 سالہ لوری لافلن نے اپنی سزا پوری کرنے کے لیے خود کو پولیس کے حوالے کردیا۔لوری لافلن اور ان کے شوہر فیشن ڈیزائنر موسمو گیانولی کو رواں برس اگست میں امریکی ریاست میساچوٹس کے شہر

بوسٹن کی ضلعی عدالت نے مجرم قرار دیتے ہوئے جیل اور جرمانے کی سزا سنائی تھی۔دونوں میاں اور بیوی پر الزام تھا کہ انہوں نے اپنی دو جوان بیٹیوں کو یونیورسٹی آف سدرن کیلی فورنیا کے کالج میں داخلہ دلوانے کے لیے 5 لاکھ امریکی ڈالر کی رشوت دی تھی۔دونوں نے عدالت میں کیس چلنے کے بعد ابتدائی طور پر الزامات کو مسترد کیا تھا تاہم بعد ازاں دونوں نے جرائم کا اعتراف کیا تھا۔دونوں کے خلاف مذکورہ کیس میں گزشتہ برس 2019 کے آخر میں فرد جرم عائد کی گئی تھی، اسی کیس میں اداکارہ فیلیسٹی ہفمین سمیت دیگر 50 شوبز، اسپورٹس، فیشن، ٹی وی، کاروبار اور صحافت سے وابستہ شخصیات پر بھی فرد جرم عائد کی گئی تھی۔مذکورہ کالج ایڈمشن اسکینڈل 2018 کے آخر میں سامنے آیا تھا اور مارچ 2019 میں امریکی محکمہ انصاف نے اسکینڈل میں ملوث 50 اہم شخصیات پر رشوت کے عوض اپنے بچوں کو کالج میں داخلہ دلوانے کی فرد جرم عائد کی تھی۔مذکورہ اسکینڈل شخصیات کی جانب سے رشوت کے عوض اپنے بچوں کویونیورسٹی آف سدرن کیلی فورنیا کے کالج میں داخلہ دلوانے کا اسکینڈل تھا، جس نے امریکا میں تہلکہ مچا دیا تھا۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close