دوسگی بہنیں آپریشن کے بعد بھائی بن گئے، 9 بیٹیوں کے باپ کی زندگی میں 2 بیٹے کیسے آگئے؟ جانیئے اس رپورٹ میں

اسلام آباد (این این آئی)پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز اسلام آباد (پمز)میں آپریشن کے بعد دوسگی بہنیں بھائی بن گئے ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق صوبہ پنجاب کے ضلع گجرات کی تحصیل کھاریاں کے رہائشی محمد عابد 9 بیٹیوں کے والد ہیں تاہم پمز ہسپتال میں کیے جانے والے کامیاب آپریشن کے بعد اب وہ سات بیٹیوں اور

دو بیٹوں کے والد بن گئے ہیں۔محمد عابد کی 17 سالہ بیٹی بشریٰ تبدیلی جنس کے کامیاب آپریشن کے بعد ولید عابد بن گیا ہے ، 15 سالہ وافیہ کا نام مراد عابد رکھا گیا ہے۔دو بیٹیوں کے کامیاب آپریشن پر محمد عابد نہایت مسرور ہیں انہوںنے کہا کہ میری 9 بیٹیاں تھیں تاہم اولاد نرینہ سے محروم تھا مگر اب اللہ تعالیٰ نے میری سن لی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس کامیاب آپریشن سے نہ صرف وہ، ان کا خاندان بلکہ پورا گاؤں بے حد خوش ہے۔پمز اسپتال کے ممتاز ڈاکٹر امجد چودھری کے مطابق اپنی نوعیت کا یہ کیس اس لحاظ سے منفرد ہے کہ جن کا آپریشن کیا گیا ہے وہ دونوں سگی بہنیں ہیں اور دونوں میں وہ جینز تھے جن کی وجہ سے آپریشن ممکن ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ دو سگی بہنوں میں بیک وقت تبدیلی جنس کے جینز کا پایا جانا عام بات نہیں ہے۔کھاریاں کے رہائشی محمد عابد کو ڈاکٹر امجد چوھری سے رابطہ کرنے کا مشورہ گجرات کی ایک لیڈی ڈاکٹر نے دیا تھا۔ اس حوالے سے کیے جانے والے مختلف ٹیسٹوں میں تین سے چار ماہ کا عرصہ لگا ہے۔تبدیلی جنس کے کامیاب آپریشن پرولید عابد بہت خوش ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ اب دیگر لڑکوں کی طرح گھر سے باہر جا کر کرکٹ کھیل سکیں گے جبکہ مراد عابد کا کہنا ہے کہ میرے آپریشن کا سن کر میری اسکول کی سہیلیاں مجھ سے دور رہنے لگی ہیں۔پمز ہسپتال کے ڈاکٹر امجد چودھری کے مطابق آپریشن میں پانچ سے چھ گھنٹے لگتے ہیں تاہم تمام مراحل مکمل ہونے میں دو ماہ کا وقت درکار ہوتا ہے۔ڈاکٹر امجد چودھری نے اس سلسلے میں واضح کیا کہ تبدیلی جنس کا آپریشن والدین کے فیصلے سے نہیں بلکہ مریض کے فیصلے سے کیا جاتا ہے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close