پولیس کا ہے فرض مدد آپ کی ، گوجرانوالہ میں کرائے دار نے برقع پہن کر مالک مکان کو لوٹ لیا، پولیس کو وجہ پتہ چلی تو کیس کی بجائے پیسے جمع کرکے مدد کر دی

گوجرانوالہ(پی این آئی)پولیس کا ہے فرض مدد آپ کی ، گوجرانوالہ میں کرائے دار نے برقع پہن کر مالک مکان کو لوٹ لیا، پولیس کو وجہ پتہ چلی تو کیس کی بجائے پیسے جمع کرکے مدد کر دی، پنجاب کے شہر گوجرانوالہ میں ڈکیتی کی انوکھی واردات ہوئی ہے، جس میں بے روزگاری سے تنگ کرائے دار نے مکان کا

کرایہ ادا کرنے کے لیے برقعہ پہن کر مالک مکان کو ہی لوٹ لیا۔ملزم عثمان پکڑا گیا، جس کی داستان سن کر پولیس والوں کو بھی اس پر رحم آگیا اور انہوں نے پیسے جمع کر کے ملزم کے کرایے کی رقم ادا کر دی۔پولیس کے مطابق جناح روڈ کے علاقے میں ملزم عثمان نے برقعہ پہن کر اپنے ہی مالک مکان کے گھر ڈکیتی مار کر 39 ہزار روپے لوٹ لئے۔دورانِ واردات ملزم کی آواز سن کر شک ہونے پر مالک مکان نے پولیس کو اطلاع کر دی۔گرفتار ہونے پر ملزم عثمان نے ڈکیتی کو مجبوری قرار دے دیا۔ملزم کا کہنا تھا کہ وہ ٹھیلہ لگاتا تھا مگر لاک ڈاؤن کے باعث صورتِ حال فاقہ کشی تک جا پہنچی تھی۔ملزم نے بتایا کہ 2 ماہ کا کرایہ ادا نہ کرنے پر مالک مکان نے گھر سے نکالنے کی دھمکی دی تھی، کچھ سمجھ نہ آیا تو مالک مکان کو ہی لوٹنے کا پلان بنایا۔ڈی ایس پی عمران عباس کے مطابق ملزم کو اس کے جرم کی سزا ضرور ملے گی، لیکن کرایے کی ادائیگی سے اس کے بیوی بچے گھر میں رہ سکیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close