ڈریپ کی جانب سے چار مختلف ادویات سے متعلق الرٹ جاری کر دیا گیا ہے، جن میں درد کے لیے استعمال ہونے والا ایپرو لیک انجکشن، الرجی اور سوزش کے علاج کے لیے نیوڈیکس انجکشن، اور پٹھوں اور طاقت کے لیے استعمال ہونے والا انجکشن شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق حکومتِ پنجاب کے محکمہ صحت نے ایک عوامی نوٹس جاری کیا ہے، جس میں چار مخصوص ادویات (انجکشنز اور پٹی) کو غیر معیاری اور ملاوٹ شدہ قرار دیتے ہوئے ان کے استعمال پر فوری پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
ڈائریکٹوریٹ آف ڈرگز کنٹرول پنجاب نے صوبائی ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹریز کی رپورٹ کی بنیاد پر ان ادویات کو غیر معیاری اور ملاوٹ شدہ قرار دیا ہے۔
محکمہ صحت نے ان ادویات کے مخصوص بیچز کو انسانی صحت کے لیے خطرناک قرار دیتے ہوئے میڈیسن ری کال الرٹ بھی جاری کر دیا ہے۔
غیر معیاری قرار دی جانے والی ادویات میں درد کے لیے استعمال ہونے والا ایپرو لیک انجکشن، الرجی اور سوزش کے لیے نیوڈیکس انجکشن، پٹھوں اور طاقت کے لیے استعمال ہونے والا انجکشن، جبکہ پیرا ٹول زخموں پر لگانے والی پٹی بھی شامل ہے۔
حکومت نے متعلقہ مینوفیکچررز اور ڈسٹری بیوٹرز کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ ان مخصوص بیچز کو فوری طور پر مارکیٹ سے واپس منگوائیں۔
اس کے ساتھ ساتھ ہدایت دی گئی ہے کہ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کی ویب سائٹ پر ری کال فارم اپ لوڈ کیا جائے اور خرابی کی وجوہات کا تعین کر کے اصلاحی رپورٹ جمع کروائی جائے۔
محکمہ صحت نے میڈیکل اسٹورز، فارمیسیوں اور اسپتالوں کو بھی حکم دیا ہے کہ ان ادویات کی فروخت فوری طور پر بند کر دی جائے اور موجودہ اسٹاک سے متعلق متعلقہ ڈرگ انسپکٹر کو آگاہ کیا جائے۔
عام شہریوں اور مریضوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ان مخصوص بیچز کی ادویات کا استعمال فوری طور پر ترک کر دیں کیونکہ یہ صحت کے لیے سنگین خطرہ ثابت ہو سکتی ہیں۔
حکومت نے متعلقہ کمپنیوں کو یہ بھی ہدایت دی ہے کہ وہ تمام خراب مصنوعات فوری طور پر مارکیٹ سے واپس اٹھائیں، جبکہ اگر کسی کو ان ادویات کے استعمال سے کوئی مسئلہ درپیش ہو تو وہ محکمہ صحت کی فراہم کردہ ای میل پر شکایت درج کروا سکتا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






