انزائٹی جیسے عام عارضے سے کیسے بچ سکتے ہیں ؟آسان ترین طریقہ سامنے آگیا

انزائٹی (بے چینی) ایک ایسا عارضہ ہے جو موجودہ دور میں تیزی سے عام ہوتا جا رہا ہے اور اس کا علاج عموماً سائیکو تھراپی یا ادویات کے ذریعے کیا جاتا ہے۔ انزائٹی کے شکار افراد کو دماغی اور جسمانی دونوں طرح کے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

تاہم ایک نئی تحقیق کے مطابق اس عارضے سے بچاؤ ممکن ہے، اور بنیادی ضرورت اپنی نیند کو بہتر بنانا ہے۔

امریکہ میں کی جانے والی اس طبی تحقیق میں بتایا گیا کہ عمر کے بڑھنے کے ساتھ جذباتی استحکام اور نیند کے انداز میں نمایاں تبدیلیاں آتی ہیں۔ کیلیفورنیا یونیورسٹی کی تحقیق میں نیند، عمر میں اضافے کے ساتھ دماغی حجم میں کمی، اور انزائٹی کے درمیان تعلق کا جائزہ لیا گیا۔

اس تحقیق میں 61 صحت مند افراد شامل تھے، جن کی عمر 65 سال سے زائد تھی، اور یہ افراد روزمرہ کی بنیاد پر کسی حد تک انزائٹی کا سامنا کر رہے تھے۔ محققین نے نیند کے دوران دماغی سرگرمیوں کا ڈیٹا اسکینز کے ذریعے حاصل کیا اور تجزیہ کیا۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ اچھی اور معیاری نیند انزائٹی سے تحفظ فراہم کرنے میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔ محققین کے مطابق ہر عمر میں اچھی نیند کے ذریعے انزائٹی سے بچنا آسان ہو جاتا ہے۔

تحقیق سے یہ عندیہ ملتا ہے کہ ہر عمر میں اچھی نیند دماغی صحت کے لیے ضروری ہے۔ یہ تحقیق جرنل کمیونیکیشنز سائیکولوجی میں شائع ہوئی۔

انزائٹی کیا ہے؟
انزائٹی جسم کا تناؤ کے لیے ایک قدرتی ردعمل ہے، جو خوف یا فکر کی ایسی کیفیت ہوتی ہے جو مختلف عناصر کا مجموعہ ہوتی ہے۔ اس کے عام علامات میں دل کی دھڑکن کا تیز ہونا، سانس کی تیز رفتاری، تھکاوٹ اور توجہ مرکوز کرنے میں مشکلات شامل ہیں۔ ہر فرد میں اس کے اظہار یا علامات مختلف ہو سکتی ہیں، جیسے ایک فرد کو شدید گھبراہٹ کا سامنا ہو سکتا ہے، جبکہ دوسرے کو تکلیف دہ خیالات یا ڈر کے دورے پڑ سکتے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close