راولپنڈی (20 جنوری 2026) الشفا ٹرسٹ کی جانب سے منعقدہ فنڈ ریزنگ تقریب میں ساڑھے تین کروڑ روپےکے عطیات جمع ہوئے جنھیں ملک بھر میں آنکھوں کے علاج کی منصوبوں میں استعمال کیا جائے گا۔
پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس میں منعقدہ تقریب میں ثقافتی اور صوفی موسیقی بھی شامل تھی جس میں کارپوریٹ اداروں، مخیر حضرات اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے بھرپور شرکت کی۔ کئی شرکا نے وفات کے بعد اپنی آنکھیں عطیہ کرنے کا عہد بھی کیا۔ الشفا ٹرسٹ کے صدر میجر جنرل (ر)رحمت خان نے انفرادی اور کارپوریٹ عطیہ دہندگان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان میں قابلِ علاج اندھے پن کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے مسلسل فلاحی تعاون نہایت اہم ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ٹرسٹ نے روزانہ تقریباً 25 مریضوں کی خدمت سے سفر شروع کیا تھا اور گزشتہ تین دہائیوں میں یہ تعداد بڑھ کر یومیہ تقریباً 5 ہزار مریضوں تک پہنچ گئی ہے۔ٹرسٹ کراس سبسڈی کے زریعے ضرورت مند مریضوںکامفت علاج کرتاہے۔ راولپنڈی، چکوال، کوہاٹ، سکھر، مظفرآباد اور گلگت میں واقع ٹرسٹ کے ہسپتالوں میں تقریباً 80 فیصد مریضوں کو مفت علاج فراہم کیا جاتا ہے۔ لاہور آئی ہسپتال 2027 تک کام شروع کر دے گا۔ حویلی لکھا میں ہسپتال کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے اور رمضان میں افتتاح کیا جائے گا۔ منصوبے کی مجموعی لاگت 162 ملین روپے ہے جن میں 122 ملین روپے تعمیر اور 40 ملین روپے طبی آلات کے لیے مختص ہیں۔ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ پاکستان میں بصری کمزوری کے بہت سے کیسز قابلِ علاج ہیں تاہم بڑھتی لاگت اور محدود سہولیات کی مشکلات حائل ہیں۔عطیات سے حاصل ہونے والی رقوم دیہی علاقوں میں جراحی اور رعایتی علاج کو وسعت دینے کے لیے استعمال کی جائیں گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں








