ہائی بلڈ پریشر کو عموماً “خاموش قاتل” کہا جاتا ہے کیونکہ یہ بغیر کسی واضح علامات کے دل، دماغ، گردے اور خون کی نالیوں کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔ دنیا بھر میں لاکھوں افراد روزانہ ہائی بلڈ پریشر کی دوائیں لیتے ہیں، لیکن ماہرین کا کہنا ہے کہ دوائیوں کے ساتھ طرزِ زندگی میں تبدیلی بھی اس کے مؤثر کنٹرول میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ باقاعدہ ورزش اور وٹامن سی کا استعمال بلڈ پریشر کو مؤثر طریقے سے کم کر سکتا ہے۔ اس سے نہ صرف بلڈ پریشر میں کمی دیکھی گئی بلکہ جسم میں سوزش اور دیگر اندرونی نقصانات بھی کم ہوئے۔
ماہرین کے مطابق ورزش اور وٹامن سی کے فوائد میں ہارمونز کی سطح میں بہتری، سوزش میں کمی، اور شریانوں کی لچک میں اضافہ شامل ہے، جو ہائی بلڈ پریشر کے بڑھنے کے خطرے کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔ ہلکی یا درمیانی شدت کی ورزش خون کی نالیوں کو آرام دیتی ہے، خون کی روانی بہتر کرتی ہے، ذہنی تناؤ کم کرتی ہے اور وزن کنٹرول میں رکھنے میں بھی مددگار ہے۔
وٹامن سی ایک طاقتور اینٹی آکسیڈینٹ ہے جو خون کی نالیوں کے اندرونی نقصان کو کم کرتا ہے اور نیٹرک آکسائیڈ کی پیداوار بڑھاتا ہے، جس سے نالیاں کشادہ ہوتی ہیں اور بلڈ پریشر نیچے آتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ دوائیوں کا استعمال ضروری ہو سکتا ہے، لیکن ہائی بلڈ پریشر پر قابو پانے کے لیے صرف دوائیوں پر انحصار کافی نہیں ہے۔ ورزش اور متوازن غذائیت کو روزمرہ زندگی کا حصہ بنانے سے بہتر نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






