سردیوں میں بال زیادہ گرنے سے کیسے بچائیں؟ جانئے

خواتین ہوں یا مرد، سردیوں کے موسم میں بالوں کی کمزوری اور ٹوٹ پھوٹ ایک عام مسئلہ بن جاتا ہے۔ اگر روزمرہ کچھ بالوں کا گرنا معمول بن چکا ہے تو اس میں پریشانی کی بات نہیں، تاہم جب یہ مقدار معمول سے بڑھنے لگے تو اس پر توجہ دینا ضروری ہو جاتا ہے۔

تحقیقی رپورٹس کے مطابق روزانہ 50 سے 100 بالوں کا گرنا ایک قدرتی عمل ہے، کیونکہ پرانے اور کمزور بالوں کی جگہ نئے بال آتے رہتے ہیں، لیکن جب یہ مقدار اس حد سے تجاوز کر جائے تو اس کا مطلب ہوتا ہے کہ بالوں کی جڑیں کمزور ہو رہی ہیں یا سر کی جلد کسی مسئلے کا شکار ہے، جسے نظرانداز کرنا نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔

موسم سرما میں فضا میں نمی کم ہو جاتی ہے جس کا براہِ راست اثر جلد پر پڑتا ہے۔ جس طرح ہاتھ اور چہرہ خشک ہو جاتے ہیں، اسی طرح سر کی جلد یعنی اسکیلپ بھی خشکی کا شکار ہو جاتی ہے، جس کے نتیجے میں بالوں کی جڑیں کمزور پڑنے لگتی ہیں، خشکی پیدا ہوتی ہے اور بال ٹوٹ کر گرنے لگتے ہیں۔

سردیوں میں بالوں کی دیکھ بھال کا ایک مؤثر طریقہ تیل سے سر کا مساج ہے۔ اس عمل سے سر کی جلد میں خون کی گردش بہتر ہوتی ہے، جس سے بالوں کی جڑوں کو ضروری غذائیت ملتی ہے۔ زیتون، بادام یا ناریل کے تیل کو ہلکا سا گرم کر کے ہفتے میں دو سے تین بار نرمی سے مساج کرنے سے بال مضبوط ہوتے ہیں اور خشکی میں بھی کمی آتی ہے۔

اکثر افراد صرف ظاہری ٹوٹکوں پر انحصار کرتے ہیں، حالانکہ بالوں کے گرنے کی اصل وجوہات میں ذہنی دباؤ، نیند کی کمی، ہارمونی مسائل یا غذائی کمی بھی شامل ہو سکتی ہیں۔ اگر بالوں کا گرنا مسلسل بڑھ رہا ہو تو ماہرِ امراضِ جلد یا ہیئر کنسلٹنٹ سے رجوع کرنا بہتر رہتا ہے تاکہ مسئلے کی بنیادی وجہ معلوم کی جا سکے۔

بالوں کی صحت کا گہرا تعلق خوراک سے بھی ہوتا ہے۔ وٹامن بی، وٹامن ای، پروٹین اور آئرن کی کمی بالوں کو کمزور بنا دیتی ہے۔ سردیوں میں سبزیاں، پھل، انڈے، مچھلی، گوشت اور دہی کا استعمال بالوں کی نشوونما کے لیے مفید ثابت ہوتا ہے۔

اسی طرح پانی پینا بھی نہایت ضروری ہے۔ سرد موسم میں پیاس کم لگنے کی وجہ سے اکثر لوگ پانی کم پیتے ہیں، جس کے باعث جلد اور بالوں میں خشکی پیدا ہو جاتی ہے۔ مناسب مقدار میں پانی پینا بالوں کو اندر سے مضبوط رکھنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close