خبردار!!! بیماریاں پھیلنے کا خدشہ ، عوام کے لئے الرٹ جاری

قومی ادارہ صحت نے سانس کی بیماریوں کے پھیلاؤ کے خدشات کے پیش نظر بچاؤ اور احتیاطی اقدامات کے حوالے سے ایڈوائزری جاری کر دی۔ ادارے نے خبردار کیا ہے کہ سرد موسم میں سموگ یعنی فضائی آلودگی انسانی صحت کے لیے شدید خطرات پیدا کر سکتی ہے۔

ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ یہ صورتحال نومبر سے فروری تک برقرار رہ سکتی ہے اور سانس کی بیماریوں کے علاوہ دل کی بیماریاں، نمونیا اور دیگر صحت کے مسائل پیدا کر سکتی ہے۔ فضاء میں زہریلے مادے اور سردی کے اثرات صحت، معیشت اور معیار زندگی پر منفی اثر ڈالیں گے، خاص طور پر بچوں، بزرگ شہریوں اور پہلے سے بیمار افراد کے لیے خطرہ زیادہ ہے۔

قومی ادارہ صحت نے خبردار کیا ہے کہ پنجاب کے شہر لاہور، ملتان، گوجرانوالہ، راولپنڈی اور اسلام آباد میں سموگ کے خطرات سب سے زیادہ ہیں، جبکہ لاہور میں فضائی آلودگی کی سطح سب سے زیادہ ہے، اس لیے شہریوں کو زیادہ احتیاط کی ضرورت ہے۔

ادارے نے شہریوں اور متعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ متاثرہ علاقوں میں بچوں کو زیادہ دیر باہر نہ رہنے دیا جائے، بڑے اور بچے ماسک کا استعمال کریں اور صحت کے شعبے اور اتھارٹیز سموگ کے حوالے سے حفاظتی اقدامات کو یقینی بنائیں۔ ایڈوائزری میں زور دیا گیا ہے کہ سموگ کے اثرات سے بچاؤ کے لیے عوام کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا انتہائی ضروری ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close