سیلاب زدہ علاقوں میں آشوب چشم میں اضافہ، الشفا ٹرسٹ نے 15 ہزار سے زائد سیلاب متاثرین کا علاج کیا

الشفا ٹرسٹ نے 15 ہزار سے زائد سیلاب متاثرین کا علاج کیا۔
سیلاب زدہ علاقوں میں آشوب چشم اور وائرل انفیکشن میں اضافہ

راولپنڈی (پی این آئی) الشفا ٹرسٹ آئی ہسپتال نے پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں ماہ رواں کے دوران پندرہ ہزار سے زائد سیلاب متاثرین کو طبی امداد فراہم کی ہے۔ٹرسٹ نے سوات، بونیر، صوابی، سمبڑیال، سیالکوٹ، نارووال، وزیرآباد اور قصور میں آٹھ ایمرجنسی میڈیکل کیمپس لگائےجہاں متاثرین کو آنکھوں کے معائنے جنرل چیک اپ اور فوری علاج کی سہولت فراہم کی گئی۔ یہ بہت سے افراد کے لیے پہلا موقع تھا جب انہیں ڈاکٹر اور دوا تک رسائی نصیب ہوئی کیونکہ پانی کے ریلے گھروں اور صحت مراکز کو بہا لے گئے تھے۔

سیلاب میں 900 جانیں ضائع ہوئیں جن میں 255 بچے شامل ہیں جبکہ 50 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے۔ بے گھر خاندان خیموں میں پناہ لینے پر مجبور ہیں جہاں خوراک اور صاف پانی کی کمی سب سے بڑا چیلنج ہے۔صدر الشفا ٹرسٹ میجر جنرل (ریٹائرڈ) رحمت خان نے اس صورتحال میں فوری طور پرمتاثرین کی مدد کا فیصلہ کیا تاکہ ایسے افراد کو ریلیف دیا جا سکے جنکی جیب اسکی اجازت نہیں دیتی۔ جنرل منیجر الشفا سنٹر فار کمیونٹی آپتھلمولوجی ڈاکٹر نجم کے مطابق متاثرہ علاقوں میں آشوب چشم، وائرل انفیکشن، کیراٹائٹس اور بیکٹیریائی امراض عام ہیں جو آلودہ پانی اور ناقص صفائی سے جنم لیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایکانتھا موبا کیراٹائٹس اور لپٹوسپائروسیس جیسے سنگین امراض بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔ٹرسٹ نے دو ہزار سے زائد عینکیں، آئی ڈراپس اور مرہم تقسیم کیے، تین ہزار سے زیادہ مریضوں کی شوگر اور بلڈ پریشر کے لیے اسکریننگ کی، 2500 فوڈ پیکٹس اور 3500 واٹر پیوریفکیشن ٹیبلیٹس فراہم کیں۔ خیبرپختونخوا میں تین کیمپس کے ذریعے 5200 جبکہ پنجاب کے پانچ مراکز میں 9800 مریضوں کو علاج دیا گیا۔ الشفا ٹرسٹ کے ڈاکٹر اور عملہ راولپنڈی، چکوال، کوہاٹ، گلگت اور مظفرآباد کے ہسپتالوں سےمتاثرہ علاقوں تک پہنچ رہے ہیں اور جلد مزید موبائل کلینکس شروع کئے جائیں گے۔ٹرسٹ کا سٹاف آبی امراض اور آنکھوں کی بیماریوں سے بچاؤ کی آگاہی بھی پھیلا رہا ہے ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close