35 نئی ادویات پاکستان میں بھی متعارف کرانے کا فیصلہ کر لیا گیا

وفاقی حکومت نے پاکستان میں 35 جدید اور مؤثر ادویات متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے، جن کی رجسٹریشن اور قیمتوں کا تعین گزشتہ دو سال سے زیر التوا تھا۔

سما ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق، ذرائع کا کہنا ہے کہ ان ادویات کی قیمتوں کا تعین آئندہ وفاقی کابینہ اجلاس میں کیا جائے گا۔ ان میں کینسر، شوگر، بلڈ پریشر، دل، گردے اور پراسٹیٹ جیسے مہلک امراض کے علاج کے لیے جدید فارمولے پر مبنی ادویات شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق، ان ادویات کے علاوہ بعض نئی بین الاقوامی ویکسینز بھی متعارف کرائی جائیں گی، جو کئی بیماریوں سے بچاؤ میں معاون ثابت ہوں گی۔

قیمتوں کے تعین کے بعد یہ ادویات یا تو مقامی سطح پر تیار کی جائیں گی یا بیرونِ ملک سے درآمد کی جا سکیں گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ قیمتیں نہ ہونے کے باعث ان ادویات کی دستیابی ممکن نہیں تھی، حالانکہ ان کی ملک میں شدید طلب موجود ہے۔

یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ یہ ادویات لازمی کیٹیگری میں شامل ہوں گی اور ان کی قیمتیں حکومت کے مقرر کردہ کنٹرول کے تحت رکھی جائیں گی، تاکہ عوام کو مہنگی دوا کے بوجھ سے بچایا جا سکے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close