سگریٹ نوشی کی عادت چھوڑنے میں مددگار آسان طریقہ دریافت

آپ سگریٹ نوشی چھوڑنا چاہتے ہیں مگر یہ کام مشکل محسوس ہو رہا ہے؟

اگر ہاں تو اچھی خبر یہ ہے کہ طبی ماہرین نے سگریٹ نوشی کی عادت چھوڑنے میں مددگار آسان طریقہ دریافت کرلیا ہے۔اسمارٹ واچز لوگوں کو تمباکو نوشی چھوڑنے میں مدد فراہم کرسکتی ہیں۔یہ بات برطانیہ میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔برسٹل یونیورسٹی کی تحقیق کے دوران ماہرین نے ایک ایسا موشن سنسر سافٹ وئیر تیار کیا جو ہاتھوں کی وہ حرکات شناخت کرتا ہے جب کوئی سگریٹ ہاتھ میں تھامے ہوئے ہو۔

جب یہ سافٹ وئیر سگریٹ کو شناخت کرتا ہے تو اسمارٹ واچ اسکرین پر ایک الرٹ فلیش کرتا ہے۔ڈیوائس میں موجود ایک ایپ وائبریشن کے ساتھ ایک ٹیکسٹ میسج بھیجتی ہے جو تمباکو نوشی چھوڑنے میں معاونت کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔محققین کا ماننا ہے کہ اس ایپ کے ذریعے بروقت مداخلت کرکے تمباکو نوشی کی عادت سے جان چھڑانے میں مدد فراہم کی جاسکتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ جب کوئی فرد اس لت کو چھوڑنے کی کوشش کرتا ہے اور کسی کمزور لمحے میں اس کے لیے اپنے ارادے پر قائم رہنا مشکل ہو جاتا ہے تو یہ مداخلت ان لمحات میں اس کے عزم کو مضبوط بنا سکے گی۔ان کا کہنا تھا کہ لوگ اسمارٹ واچز کو پسند کرتے ہیں اور ان کو میسج کا خیال بھی پسند آئے گا۔

اس تحقیق میں 18 سے 70 سال کی عمر کے 18 ایسے افراد کو شامل کیا گیا جو تمباکو نوشی چھوڑنا چاہتے تھے۔انہیں ایک اسمارٹ واچ پہنچائی گئی جس میں محققین کی تیار کردہ ایپ موجود تھی۔یہ اسمارٹ واچ 2 ہفتوں تک ان کی کلائی میں رہی اور ان سے 27 سوالات پر مشتمل سوالنامہ بھی بھروایا گیا۔66 فیصد افراد نے کہا کہ وہ موشن سنسر والی اسمارٹ واچ پہننے کے لیے تیار ہیں جبکہ 61 فیصد نے میسج کے مواد کو متعلقہ قرار دیا۔

لوگوں کی جانب سے ایپ کے حوالے سے مثبت فیڈ بیک دیا گیا اور انہیں سگریٹ نوشی کو چھوڑنے کے حوالے سے مدد بھی ملی۔مگر کچھ افراد کا کہنا تھا کہ بار بار ایک جیسے میسجز سے پروگرام کی افادیت ختم ہو جاتی ہے۔اب محققین کی جانب سے طویل المعیاد بنیادوں پر اس سافٹ وئیر کی آزمائش کی جائے گی اور مختلف طرح کے میسجز کا استعمال کیا جائے گا۔اس تحقیق کے نتائج جرنل JMIR Formative Research میں شائع ہوئے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close