افریقی ملک ڈیموکریٹک ریپبلک آف کانگو کے جنوب مغربی صوبے میں نومبر کے دوران ایک نامعلوم بیماری نے 143 افراد کی جان لے لی۔
خبر ایجنسی روئٹرز کے مطابق متاثرہ افراد کو فلو جیسی علامات تھیں، جن میں شدید بخار اور سر درد شامل تھے۔ کوانگو صوبے کے ڈپٹی گورنر ریمی ساکی اور صوبائی وزیر صحت اپولینائر یومبا نے بتایا کہ ایک طبی ٹیم پانزی ہیلتھ زون بھیجی گئی ہے تاکہ نمونے جمع کر سکے اور بیماری کی شناخت کے لیے تجزیہ کر سکے۔
سول سوسائٹی کے رہنما سیفورین مانزنا نے روئٹرز کو بتایا کہ صورتحال انتہائی تشویشناک ہے کیونکہ متاثرہ افراد کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے۔ جہاں یہ بیماری پھیل رہی ہے وہ ایک دیہی علاقہ ہے ۔ بیمار افراد علاج کی عدم دستیابی کی وجہ سے اپنے گھروں میں ہی دم توڑ رہے ہیں۔ وبائی امراض کے ایک مقامی ماہر کے مطابق خواتین اور بچے اس بیماری سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔
عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے ایک ترجمان نے کہا کہ اقوام متحدہ کی صحت ایجنسی کو پچھلے ہفتے اس بیماری کی موجودگی سے آگاہ کیا گیا تھا اور وہ کانگو کی پبلک ہیلتھ وزارت کے ساتھ مل کر مزید تحقیقات کر رہی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں