بیرون ملک سے واپس آنے والے پاکستانی میں خطرناک وائرس کی تشخیص ہو گئی

اسلام آباد (پی این آئی)خلیجی ملک سے پاکستان آنے والے ایک اور مسافر میں منکی پاکس کی تصدیق ہوئی ہے۔

پاکستان میں رواں برس منکی پاکس کا دوسرا کیس سامنے آ گیا ہے، ترجمان وزارت صحت کے مطابق خلیجی ملک سے آنے والے مسافر میں منکی پاکس کی علامات پائی گئیں، پشاور ائیرپورٹ پر قائم ہیلتھ ڈیسک نے مسافر کو بروقت اسپتال منتقل کیا، جہاں اس کا منکی پاکس کا ٹیسٹ مثبت آیا۔ڈائریکٹر پبلک ہیلتھ خیبرپختونخوا ڈاکٹر ارشاد روغانی نے بھی خلیجی ملک سے آنے والے شہری میں منکی پاکس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ منکی پاکس کا شکار 47 سال کے مریض کا تعلق نوشہرہ سے ہے، متاثرہ شخص گزشتہ صبح دبئی سے پشاور پہنچا تھا۔

ڈاکٹر ارشاد روغانی نے بتایا کہ ائیرپورٹ پر تعینات میڈیکل ٹیم نے مسافر کو مشتبہ قرار دیا اور منکی پاکس کے متاثرہ مریض کو پولیس اسپتال منتقل کیا گیا، مریض کا ٹیسٹ خیبرمیڈیکل یونیورسٹی لیب بھیجا گیا جو پازیٹو آیا۔وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے صحت ڈاکٹر مختار احمد بھرتھ کا کہنکا ہے کہ وزارت صحت صورتحال کی مسلسل مانیٹرنگ کر رہی ہے، تمام ائیرپورٹس پر بارڈر ہیلتھ کا عملہ مستعدی سے کام کررہا ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل بھی سعودی عرب سے پشاور آنے والے مردان کے شہری میں منکی پاکس کی علامات پائی گئی تھیں۔عالمی ادارہ صحت نے منکی پاکس کے حوالے سے ہنگامی حالت کے نفاذ کا اعلان کر رکھا ہے اور عالمی ادارہ صحت کی ہدایات کی روشنی میں وزارت صحت کے حکام نے ملک بھر کے ائیر پورٹس پر منکی پاکس کے حوالے سے ہیلتھ ڈیسک قائم کر دیے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں