موسمِ سرما کی سوغات ساگ مکھن کے بغیر نہ کھائیں، وجہ جانیے اس رپورٹ میں

کیا آپ جانتے ہیں کہ بہتر غذائیت کے لیے آپ کو ساگ کے ساتھ مکھن کا استعمال لازمی کرنا چاہیے؟ آئیے اس کی وجہ سے متعلق تفصیل جانتے ہیں اس رپورٹ میں۔
گرم ساگ کا ایک پیالہ اور ساتھ میں مکئی کی روٹیاں سردیوں کا مزہ دوبالا کر دیتی ہیں۔
ساگ تیار کرنے کے لیے سبز پتوں والی سبزیوں کو باریک کاٹ لیا جاتا ہے، یہ عام طور پر سرسوں کے ساگ کے ساتھ تیار کیا جاتا ہے تاہم بہت سے لوگ سردیوں کے موسم میں دستیاب تمام پتوں والی سبزیوں کا مرکب بھی استعمال کرتے ہیں۔

ساگ ناصرف مزیدار ہے بلکہ انتہائی غذائیت سے بھرپور بھی ہوتا ہے، سبز پتوں والی سبزیوں کی خوبی کے ساتھ ساگ آپ کو سردیوں میں گرم رکھ سکتا ہے، ساگ عام طور پر مکئی یا باجرے کی روٹی کے ساتھ کھایا جاتا ہے۔
بھارتی ماہرِ غذائیت لونیت بترا نے انکشاف کیا ہے کہ ساگ کے ساتھ سفید مکھن کا ہونا بھی انتہائی ضروری ہے، سفید مکھن غذائی اجزاء کا ایک پاور ہاؤس ہے جو ساگ کے فوائد کو مزید بڑھا دیتا ہے۔

مکھن وٹامنز سے بھرپور
سفید مکھن میں وٹامن اے، ڈی، ای اور کے پایا جاتا ہے، اس میں موجود چربی اور وٹامنز جسم کے لیے ضروری ہیں، مکھن ساگ کے دیگر غذائی اجزاء کو جذب کرنے میں بھی مدد کرتا ہے۔

آئرن کو بہتر طور پر جذب کرنے کا ذریعہ
پالک کے ساتھ تیار ہونے پر ساگ میں آئرن کی مقدار زیادہ ہو جاتی ہے، سفید مکھن میں موجود صحت مند چکنائی پودوں پر مبنی آئرن کو جذب کرنے میں مدد کرتی ہے۔

آنتوں کی صحت کو بہتر بناتا ہے

انسانی پیٹ کا سب سے بڑا حصہ آنت پورے جسم سے جڑی ہوئی ہے، اس لیے معدے، چھوٹی اور بڑی آنت کی صحت کو برقرار رکھنا بھی ضروری ہے، سفید مکھن آنتوں کے لیے انتہائی فائدہ مند ہے، یہ آنتوں کی مجموعی صحت کو بہتر بناتا ہے اور سوزش کو کم کرتا ہے۔

ساگ کی کڑواہٹ کم کرنے میں معاون
پتوں والا ساگ قدرے کڑوا ہوتا ہے، ذائقے کو متوازن کرنے کے لیے کچھ مکھن شامل کر لینا ذائقے کے لیے واقعی مددگار ثابت ہو سکتا ہے، مکھن کریمی اور لذیذ ذائقہ فراہم کرے گا اور کڑواہٹ کو کم کرے گا۔

لہٰذا، اگلی بار جب آپ اپنے ساگ کا مزہ لیں تو ساتھ میں سفید مکھن کا ایک ٹکڑا اس میں شامل کرنا نہ بھولیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close