لاہور (پی این آئی)وٹامن ڈی ہماری صحت کے لیے انتہائی ضروری ہے اور ہمارے جسم کے لیے بہت اہم اثرات رکھتا ہے۔ سورج کی روشنی وٹامن ڈی کے حصول کا سب سے اہم اور آسان ذریعہ ہے لیکن آپ مختلف سپلیمنٹس کی مدد سے بھی اس کی کمی پوری کرسکتے ہیں یا ایسی غذائیں لیں جن میں اس کی مقدار بھرپور ہو کیونکہ اس کی کمی کو نارمل ڈائٹ کے ذریعے پورا کرنا مشکل ہے۔یہاں یہ بتانا بھی ضروری ہے کہ جسم میں وٹامن ڈی کی کمی کے بارے میں جاننا آسان نہیں ہوتا کیونکہ اس کی علامات اکثر کئی ماہ یا برسوں تک ظاہر نہیں ہوتیں بلکہ کئی بار تو علامات ظاہر ہوتی ہی نہیں ہیں۔
لیکن نیچے بتائی گئی کچھ نشانیوں اور علامات سے جسم میں وٹامن ڈی کی کمی کا عندیہ ملتا ہے۔اکثر بیمار رہنا: وٹامن ڈی مدافعتی صحت کے لیے اہم ہوتا ہے اور اس سے بیمار کرنے والے بیکٹیریا اور وائرسز سے مقابلہ کرنے میں مدد ملتی ہے۔وٹامن ڈی براہ راست ان خلیات سے رابطے میں رہتا ہے جو بیماریوں سے لڑنے کا کام کرتے ہیں، اس لیے اگر کوئی انسان اکثر بیمار رہتا ہے خاص طور پر اگر نزلہ زکام یا فلو کا سامنا ہوتا ہے تو یہ جسم میں وٹامن ڈی کی کمی کی نشانی ہوسکتی ہے۔تھکاوٹ: تھکاوٹ کا احساس متعدد وجوہات کے باعث ہوسکتا ہے جن میں سے ایک وٹامن ڈی کی کمی بھی ہے مگر لوگ اکثر اس بات کو نظر انداز کردیتے ہیں کہ وٹامن ڈی کی کمی بھی ہر وقت تھکاوٹ کا باعث بن سکتی ہے۔ اس کی کمی نیند کے معیار کو متاثر کرتی ہے، نیند کا کم دورانیہ تھکاوٹ کا احساس بڑھاتا ہے۔ہڈیوں اور کمر میں درد: ہڈیوں اور کمر کے نچلے حصے میں درد بھی جسم میں وٹامن ڈی کی کمی کی نشانی ہوتی ہےکیونکہ وٹامن ڈی جسم میں کیلشیئم کے جذب ہونے کا عمل بہتر بناکر ہڈیوں کی صحت کو مستحکم رکھنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔ایک تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ وٹامن ڈی کی کمی کے نتیجے میں کمردرد کی شدت زیادہ بڑھ جاتی ہے۔پٹھوں میں درد: مسلز میں تکلیف کی وجوہات کا تعین کرنا اکثر مشکل ہوتا ہے۔ وٹامن ڈی کی کمی بھی اس کی ایک وجہ ہوتی ہے۔انزائٹی:وٹامن ڈی کی کمی کو انزائٹی سے بھی منسلک کیا جاتا ہےکیونکہ اس کے شکار افراد میں وٹامن ڈی کی ایک قسم calcidiol کی کمی ہوتی ہے۔وٹامن ڈی کی مناسب مقدار سے انزائٹی کی علامات کی شدت میں کمی لانے میں مدد مل سکتی ہے۔اس کے علاوہ، وٹامن ڈی کی کمی سے انسان متعدد سنگین بیماریوں کا شکار بھی ہو سکتا ہے۔ہڈیوں کی کمزوری: وٹامن ڈی ہڈیوں کی مضبوطی کے لیے بہت ضروری ہے اور اس کی کمی سے آپ کی ہڈیاں کمزور ہوسکتی ہیں۔ وٹامن ڈی کیلشیئم کے جذب ہونے اور ہڈیوں کے میٹابولزم میں بھی اہم ترین کردار ادا کرتا ہے، اس لیے ہڈیوں کے حجم میں کمی آنا اس بات کا عندیہ ہے کہ ہڈیوں کو کیلشیئم اور دیگر منرلز کی کمی کا سامنا ہے جس سے فریکچر کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔دمہ :وٹامن ڈی کے سپلیمنٹس کے روزانہ ایک خاص مقدار میں استعمال سے دمہ کا خطرہ کم سے کم ہوجاتا ہے۔ڈپریشن: وٹامن ڈی کی کمی ڈپریشن اور بے چینی کا سبب بھی بنتی ہے۔دل کی بیماریاں: حالیہ مطالعے میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ وٹامن ڈی کی کمی شریان اور دل کی بیماریوں کا سبب بھی بنتی ہے۔ذیابیطس:ایک تحقیق کے مطابق 20 سال سے کم عمر کے جن لوگوں میں وٹامن ڈی کی کمی ہوتی ہے، ان میں ٹائپ 2 ذیابیطس کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔کینسر:وٹامن ڈی کی کمی سے کینسر کی مختلف اقسام کا تعلق بھی ہے جن میں بریسٹ کینسر، پروسٹیٹ کینسر اور کولون کینسر شامل ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں