بیرون ملک آبادکشمیری مسئلہ کشمیر کو عالمی طاقتوں کے ایوانوں میں پیش کریں ، وزیر اعظم آزاد کشمیر کی چیئرمین کشمیر کونسل ای یو علی رضا سیّد کے ہمراہ وفد سے گفتگو

اسلام آباد (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبد القیوم نیازی نے کہا کہ کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماؤں، انسانی حقوق کے علمبرداروں اور غیر جانبدار صحافیوں کو جیلوں میں ڈال کر بھارت نے مقبوضہ جموں وکشمیر کو ایک قید خانے میں تبدیل کردیا ہے۔ ان حالات میں بیرون ملک آبادکشمیریوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ کشمیر کا مقدمہ عالمی طاقتوں کے ایوانوں میں پوری قوت سے پیش کریں اور کشمیریوں کی آواز کو دبنے نہ دیں۔ اقوام متحدہ بھارت کے خلاف عالمی عدالتِ انصاف میں جنگی جرائم کا مقدمہ قائم کرے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیئرمین کشمیر کونسل ای یو علی رضا سیّد کے ہمراہ وفد سے جموں وکشمیر ہاؤس میں ہونے والی ایک ملاقات میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ یورپی یونین کے ممالک کے پارلیمنٹرین کیساتھ کشمیری ڈائسپورا اپنے روابط کو مضبوط بنائے اور ان کی حمایت حاصل کرے تاکہ بھارت کے خلاف عالمی سطح پر فضا بنائی جاسکے۔ اس کے جنگی جرائم کو بے نقاب کیا جاسکے اور دنیا کو اس کے خلاف موثر اقدامات پر آمادہ کیا جاسکے۔ وزیراعظم نیکہا کہ کشمیری ڈائیسپورا ہمارا قیمتی اثاثہ ہے اور ہمیں ان کی قربانیوں اور کشمیر کاز کے لیے جدوجہد پر ناز ہے۔ علی رضا سیّد نے وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی کو بتایا کہ کوڈ کی بدولت یورپی ممالک اور خاص کر یورپی پارلیمنٹ میں سیاسی اور سماجی سرگرمیاں طویل عرصہ تک معطل رہنے کے بعد اب بحال ہوچکی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر کونسل ای یو کے پلیٹ فارم سے اگلے چند ہفتوں میں کشمیر پر جارہانہ سرگرمیاں کریں گے اور ہر عالمی پلیٹ پر کشمیر کے مسئلہ کو اٹھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے انسانی حقوق کے ممتاز علمبرداروں خاص کر خرم پرویز اور محمد احسن اونتو تک کو بھی گرفتار کرلیا۔ فہد شاہ اور سجاد گل جیسے آزاد صحافیوں کو بھی جیل میں ڈالا ہے۔ عالمی برادری کے سامنے ہم ان تلخ حقائق کو رکھ رہے ہیں اور ان کی حمایت بھی ہمیں حاصل ہے۔ وزیراعظم سردار عبد القیوم نیازی نے کہا کہ کشمیر کونسل ای یو دیگر تنظیموں کے اشتراک سے یورپی یونین کے پارلیمنٹرین پر زور دے کہ وہ آزاد کشمیر اور مقبوضہ کشمیر کا دورہ کر کے اصل حقائق سے دنیا کو باخبر کریں اور کوشش کریں کہ اقوام متحدہ بھارت کے خلاف عالمی عدالتِ انصاف میں جنگی جرائم کا مقدمہ قائم کرے۔ علی رضا سیّد نے وزیراعظم سردار عبد القیوم نیازی کو یورپی یونین کے ہیڈکوارٹر برسلز کے دورے کی دعوت بھی دی۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close