کورونا وائرس سے بچوں کی اموات میں خطرناک اضافہ، ماہرین نے خطرے کی گھنٹی بجا دی

اسلام آباد (پی این آئی) ملک بھر میں کورونا وائرس سے بچوں کی اموات میں خطرناک حد تک اضافہ ہوا۔ تفصیلات کے مطابق آغا خان یونیورسٹی، قومی ادارہ برائے امراض قلب اور قومی ادارہ برائے امراض اطفال کی مشترکہ تحقیق میں انکشاف کیا گیا کہ پاکستان میں اس سال 1112 بچے کورونا سے متاثرہوئے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ رواں برس اب تک عالمی وبا سے 159 جان کی بازی ہار چکے ہیں اور ملک میں بچوں کی شرح اموات 14 فیصد سے زیادہ رہی۔

بڑے اسپتالوں کی رپورٹ کے مطابق ایک سے 9 سال کی عمر کے بچے سب سے زیادہ متاثر ہوئے۔ ماہرین نے 12 سال سے کم عمر بچوں کو بھی کورونا ویکسین لگانے کی سفارش بھی کی۔ گذشتہ ہفتے موصول ہونے والی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں کورونا وائرس کی چوتھی لہر کی شدت کم ہو رہی ہے، اس کے کیسز کے بعد اب اموات میں بھی کمی آ رہی ہے، ملک کورونا مریضوں کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں 34 ویں نمبر پر آ گیا۔واضح رہے کہ پاکستان بھر میں کورونا وائرس کی لہر تاحال جاری ہے۔ کورونا وائرس سے 11 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد اموات کی تعداد 28 ہزار 823 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 12 لاکھ 88 ہزار 761 ہوگئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 395 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 4 لاکھ 43 ہزار 794، سندھ میں 4 لاکھ 77 ہزار 721، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 80 ہزار 611، بلوچستان میں 33 ہزار 528، گلگت بلتستان میں 10 ہزار 425، اسلام آباد میں ایک لاکھ 8 ہزار 81 جبکہ آزاد کشمیر میں 34 ہزار 601 کیسز رپورٹ ہوئے۔ اس کے علاوہ کورونا وائرس کے نئے ویرئینٹ اومی کرون کے پھیلاؤ کا بھی خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close