کورونا وائرس سے دماغی توازن بگڑنے کا خدشہ، سائنسدانوں نے ایک اور خطرے سے آگاہ کر دیا

لاہور (پی این آئی)عالمی وبا کورونا وائرس نے دنیا بھر میں تباہی مچائی، کورونا وائرس کی زد میں آ کر کروڑوں لوگ جان کی بازی ہار گئے، تاہم اب کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے مختلف کمپنیز نے ویکسینز تیار کی ہیں اور دنیا بھر میں کورونا ویکسین لگوانے کا سلسلہ جاری ہے۔ کورونا وائرس سے متعلق ایک نئی تحقیق سامنے آئی جس میں کہا گیا کہ کورونا وائرس آپ کے دماغ کو بھی متاثر کر سکتا ہے۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق کورونا وائرس کے اثرات پر مختلف ممالک میں تحقیق جاری ہے۔ ایک نئی تحقیق میں انکشاف ہوا کہ کورونا وائرس صرف پھیپھڑوں، دل اور گردوں کو متاثر نہیں کرتا بلکہ یہ دماغی توازن بھی خراب کر سکتا ہے۔ برطانیہ میں ہونے والی نئی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی کہ کورونا وائرس کی وجہ سے دماغی ٹشوز سے محرومی کا بھی سامنا کرنا پڑ سکتا ہے جس طرح سونگھنے اور چکھنے کی حس سے محرومی کا سامنا ہوتا ہے۔محققین کے خیال میں ان کی دریافت براہ راست کورونا وائرس کا اثر ہے کیونکہ وائرس دماغ میں ناک کے راستے داخل ہوتا ہے تاہم مخصوص دماغی حصوں میں تبدیلیاں سونگھنے اور چکھنے کی حسوں سے محرومی کا نتیجہ بھی ہوسکتی ہیں۔ نتائج سے یہ بھی معلوم ہوا کہ کورونا کی معمولی شدت یا علامات سے محفوظ رہنے والے افراد میں بھی طویل المعیاد علامات کا خطرہ ہوتا ہے۔ خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی۔ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے 40 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 22 ہزار 321 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 9 لاکھ 58 ہزار 408 ہوگئی۔ ملک بھر میں میں کورونا کی شرح 2.2 فیصد رہی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close