امریکی کمپنی فائزر نے کرونا ویکسین کے پاکستان میں استعمال کی اجازت مانگ لی

اسلام آباد(آن لائن) فائزر کمپنی نے کورونا ویکسین کے پاکستان میں استعمال کی اجازت مانگ لی۔ میڈیارپورٹ کے مطابق امریکی کورونا ویکسین تیار کرنیوالی کمپنی فائزر نے ویکسین کے ہنگامی استعمال سرٹیفکیٹ کے لیے ڈریپ سے رجوع کرلیا، فائزر نے ڈریپ کو ہنگامی استعمال سرٹیفکیٹ کے لیے دستاویزات جمع کروادیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ فائزر کو ویکسین کے ہنگامی استعمال کا اجازت نامہ آئندہ ہفتے جاری ہوگا، ڈریپ ایکسپرٹ کمیٹی نے فائزر کی ویکسین سے متعلق دستاویز کو کلیئر کردیا۔ذرائع کے مطابق ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کے رجسٹریشن بورڈ کا اجلاس یکم جون کو طلب کیا گیا ہے، اجازت نامہ ملنے پرفائزر کورونا ویکسین پاکستان میں استعمال ہوسکے گی۔فائزر نے نجی سیکٹر میں کورونا ویکسین کے استعمال کے لیے اجازت طلب کی ہے، کمپنی کورونا ویکسین درآمد کرکے پاکستان میں فروخت کرے گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کوویکس سے ملنے والی کورونا ویکسین ڈریپ اجازت نامہ سے مستثنیٰ ہیں، حکومت کی درآمد کردہ ویکسین کو ڈریپ کی اجازت کی ضرورت نہیں ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ روز فائزر کورونا ویکسین کی ایک لاکھ ڈوز پاکستان پہنچی تھیں۔۔دوسری جانب یورپی یونین نے فائزر کی کورونا ویکسین 12 سے 15 سال کے بچوں کو لگانے کی منظوری دیدی ہے اور یوں فائزر اس عمر کیلئے یورپی یونین میں منظور ہونے والی پہلی ویکسین بن گئی ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے مطابق یورپی یونین کے رکن ممالک نے 12 سے 15 سال کے بچوں کی ویکسی نیشن سے متعلق انفرادی طور پر فیصلہ کرنا ہے اور جرمنی نے اس حوالے سے گرین سگنل بھی دیدیا ہے۔ ماہرین کے مطابق 12 سے 15 سال کی عمر کے بچوں کو فائزر کی 2 خوراکیں 3 ہفتوں کے وقفے سے لگیں گی۔ یورپی یونین کی جانب سے یہ منظوری ایسے وقت دی گئی ہے جب عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ یورپ میں ویکسی نیشن میں تیزی لانے کی ضرورت ہے کیونکہ 70 فیصد افراد کو ویکسین لگ جانے تک عالمگیر موذی وباء کے ختم ہونے کا کوئی امکان نہیں ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close