تازہ ترین

دنیا بھر میں ایک دن کے دوران کرونا کے مریضوں کی سب سے زیادہ تعدادکا نیا ریکارڈ

نیویارک(پی این آئی )کورونا وبا کے آغاز سے اب تک دنیا میں ایک روز کے دوران کورونا مریضوں کی سب سے زیادہ تعداد کا نیا ریکارڈ قائم ہوگیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق دنیا بھر میں کورونا کے 9 لاکھ 4 ہزار سے زائد مریض سامنے آئے۔ علاوہ ازیں بھارت میں کورونا وائرس کے مسلسل ریکارڈ کیسز سامنے آرہے ہیں اور آٹھویں روز بھی 3لاکھ سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ۔بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے ایک بار پھر ریکارڈ 3 لاکھ 86 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے اور 3 ہزار اموات بھی سامنے

آئیں۔دوسری جانب ترکی میں کورونا کیسز بڑھنے کے بعد مکمل لاک ڈاون شروع ہوگیا ہے۔جس کے بعد مختلف شہروں میں سڑکیں سنسان ہوگئیں جبکہ دکانیں مکمل طور پر بند رہیں۔ ترکی میں مکمل لاک ڈاون 17 مئی کو ختم ہوگا۔ادھر سعودی وزارت صحت کے مطابق مملکت میں کورونا مریضوں کی تعداد 4 لاکھ 17 ہزار 363 ہوگئی۔ جبکہ 24 گھنٹوں میں مزید11 کورونا مریض انتقال کرگئے۔دوسری جانب امریکی ادارے انفیکشیئز ڈیزیز کے ڈائریکٹر ڈاکٹر انتھونی فائوچی نے بھارت کو کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے اہم مشورے دے دئیے۔ڈاکٹر فائوچی نے بھارتی اخبار سے گفتگو میں کہا کہ بھارت میں چند ہفتوں کا فوری لاک ڈائون کورونا پھیلا روک سکتا ہے، بھارت کچھ فوری اور کچھ طویل وقفے کے منصوبوں پرعمل کرے۔انہوں نے کہا کہ بھارت میں تین مراحل پر کام کرنے کی ضرورت ہے، کورونا ویکسین، آکسیجن ، طبی سہولیات کی فراہمی ، ایمرجنسی گروپ بنائے ئیں۔ڈاکٹر فائوچی نے کہا کہ بھارت چین کی طرز پر جنگی بنیادوں پر اسپتالوں کے ایمرجنسی یونٹس بنائے، بھارت کو عالمی طبی تنظیموں اور دیگر ممالک سے مشورہ کرنے کی بھی ضرورت ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں