کورونا وائرس بھی دل کی صحت کو اتنا ہی نقصان پہنچاتا ہے جتنا کہ ہارٹ اٹیک آنے سے پہنچتا ہے، سائنسدانوں کی نئی تحقیق

برلن(پی این آئی) کورونا وائرس کی وباءپھیپھڑوں، گردوں اور دل سمیت کئی اعضاءکو شدید متاثر کرتی ہے اور اب جرمنی کے سائنسدانوں نے نئی تحقیق میں اس موذی وباءاور دل کے دورے کے درمیان ایک انتہائی تشویشناک مماثلت دریافت کر لی ہے۔ میل آن لائن کے مطابق سائنسدانوں نے وائرس کے ہزاروں صحت مند

ہونے والے مریضوں کی دل کی صحت کا معائنہ کرنے کے بعد بتایا ہے کہ کورونا وائرس بھی دل کی صحت کو اتنا ہی نقصان پہنچاتا ہے جتنا کہ ہارٹ اٹیک آنے سے پہنچتا ہے۔یونیورسٹی ہاسپٹل فرینکفرٹ کے ماہرین نے اپنی تحقیق میں یہ انکشاف بھی کیا ہے کہ کورونا وائرس کا یہ خوفناک نقصان صحت مند ہونے والے 78فیصد سے زائد لوگوں میں پایا گیا۔ ان لوگوں کے دل کے سٹرکچر میں ہی تبدیلی آ گئی جو کہ ہارٹ اٹیک سے آتی ہے۔ ماہرین کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس دل کے پٹھوں میں بھی سرایت کر جاتا ہے جس سے دل کے پٹھے انتہائی کمزور ہو جاتے ہیں اور آئندہ ہارٹ اٹیک کا خطرہ بہت زیادہ ہو جاتا ہے۔ اس تحقیق میں کورونا وائرس سے مرنے والے سینکڑوں مریضوں کے تجزئیے سے معلوم ہوا کہ ان میں سے 60فیصد سے زائد لوگوں کے دل کے پٹھوں میں کورونا وائرس موجود تھا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس تحقیق سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ کورونا وائرس براہ راست بھی دل اور دل کے پٹھوں کو متاثر کرتا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں