دل کو مضبوط بنانیوالی چند غذائیں ، جن کا استعمال آپکی زندگی میں بہاریں لے آئے گا

نیو یارک(پی این آئی)دل انسانی جسم کا ایک اہم اعضاء ہے اور صحت مند دل کے لیے آپ کو اپنا طرزِ زندگی بہتر بنانےکی ضرورت ہوتی ہے کیونکہ قلبی امراض جان لیوا ثابت ہوسکتے ہیں، ایسے میں ماہرین صحت مند دل کے لیے کیے جانے والے ضروری اقدامات پر بات کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ دل کی اچھی صحت کے لیے

سب سے بنیادی قدم ورزش ہے۔ماہرین کہتے ہیں کہ ورزش ہمیں ایک صحت مند زندگی فراہم کرتی ہے، اِس کے علاوہ کچھ ایسی غذائیں بھی ہیں کہ جن کو اگر ہم اپنی روز مرہ کی خوراک میں شامل کرلیں تو ہمارا دل صحت مند رہے گا اور بہت سی جان لیوا بیماریوں کے خطرے سے بھی بچ سکتے ہیں۔فائبر سے بھرپور غذائیں ہمارے دل کی صحت کے لیے بہت مفید ہوتی ہیں، یہ غذائیں ہمیں دل کی بیماریوں سے منسلک ہونے والے خطرات سے لڑنے میں مدد کرتی ہے۔فائبر ہمارے ہائی بلڈ پریشر کو کنٹرول کرتا ہے جو امراض قلب کی بنیادی جڑ ہے، اِس کے علاوہ فائبر کولیسٹرول کی بڑھتی سطح کو بھی برقرار رکھنے میں ایک اہم کردار ادا کرتا ہے۔فائبر والے پھلوں میں کیلے، سیب ، انناس، آم، ناشپاتی، مالٹے وغیرہ شامل ہیں جبکہ فائبر والی سبزیوں میں پھلیاں، سیم پھلی، کچی گاجر، بینگن، شلغم، خالص مکئی، آلو سمیت دیگر سبزیاں شامل ہیں۔اومیگا 3 دل کی صحت بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوتا ہے، اِس کو غذا میں شامل کرنے سے ناصرف آپ کے دل کی صحت کو فروغ ملے گا بلکہ یہ جسم کی سوزش بھی کم کرتا ہے، اومیگا 3 حاصل کرنے کے لیے آپ گری دار میوے اور بیج کھاسکتے ہیں، اِس کے علاوہ آپ اِس کےحصول کے لیے چربی والی مچھلی کا بھی استعمال کرسکتے ہیں۔اگر ہم گری دار میووں کے فوائد کی بات کریں تو یہ ضروری غذائی اجزاء سے بھرپور ہوتے ہیں اور آپ کو ایک صحت مند زندگی فراہم کرتے ہیں اور مُٹھی بھر گری دار میوں کو تو غذائیت کی طاقت کا گھر بھی کہا جاتا ہے، لہٰذا آپ روزانہ مُٹھی بھر گری دار میوے جیسے بادام اور اخروٹ کھائیں اور قلبی امراض سے نجات پائیں۔ماہرین کہتے ہیں کہ اگر آپ کو امراض قلب سےخود کو محفوظ رکھنا ہے تو اِس کے لیے سب سے ضروری یہ ہے کہ آپ اپنا وزن بڑھنے نہ دیں کیونکہ اگر آپ کا وزن زیادہ ہوگا تو آپ باآسانی قلبی امراض کا شکار ہوسکتے ہیں، لہٰذا آپ اپنی خوراک کم کریں لیکن آپ جو بھی لیں وہ غذائی اجزاء سے بھرپور ہو، فاسٹ فوڈ اور زیادہ مصالحے والی غذائیں کھانے سے گریز کریں۔ماہرین کہتے ہیں کہ سوڈیم کی زائد مقدار ہمارے دل کے لیے غیر صحت بخش ثابت ہوتی ہے، یہ ہمارے بلڈ پریشر کی سطح کو بڑھا سکتا ہے اور ساتھ ہی ہمارے گُردوں کو بھی متاثر کرسکتا ہے۔ایسے میں اگر آپ اپنی غذا میں نمک کی مقدار کم کردیں تو آپ قلبی امراض سے دور رہ سکتے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close