پیروں پر دانے نکلنا، سرخ نشانات پڑ جانا ،کورونا وائرس کی نئی علامات سامنے آگئیں

نیویارک(پی این آئی) کورونا وائرس کی وباءجوں جوں دنیا میں پھیلتی گئی اس پر تحقیقات کا دائرہ بڑھتا گیا جن میں اس کی کئی نئی علامات سامنے آتی چلی گئیں۔ اب اس کی ایک اور نئی علامت سامنے آ گئی ہے جو امریکہ میں ہزاروں لوگوں میں رونما ہو رہی ہے۔ میل آن لائن کے مطابق یہ علامت پیروں پر دانے نکل

آنا،سرخ سیاہی مائل نشانات پڑ جانا یا زخم بن جانا ہے۔ یہ دانے یا نشانات تکلیف دہ ہوتے ہیں، بالخصوص انہیں ہاتھ سے دبایا جائے تو یہ تکلیف کرتے ہیں۔ زیادہ تر یہ علامت پیروں کی انگلیوں اور انگوٹھوں پر ظاہر ہوتی ہے لیکن پاؤں کے دیگر حصوں پر بھی یہ دانے اور نشانات دیکھے گئے ہیں۔ ماہرین کے مطابق یہ علامت عام طور پر بچوں اور نوجوان لوگوں میں دیکھ جا رہی ہے اور ایسے لوگوں میں عموماً صرف یہی ایک علامت ظاہر ہوتی ہے۔ ان کو کھانسی اور بخار وغیرہ لاحق نہیں ہوتے۔رپورٹ کے مطابق امریکہ میں ڈاکٹروں کو کورونا وائرس کے بے شمار ایسے مریضوں کی فون کالز موصول ہو رہی ہیں جن کے پیروں پر یہ دانے اور نشانات بنے۔ ماہرین نے اس علامت کو ’COVID toes‘ کا نام دیا ہے۔یونیورسٹی آف کیلیفورنیا سین فرانسسکو کی ڈرماٹالوجسٹ ڈاکٹر لنڈی فوکس کا کہنا تھا کہ ہمیں اس علامت کے حامل لوگوں کی بہت کالز آ رہی ہیں لیکن ہم فی الحال یہ نہیں جانتے کہ کورونا وائرس کی اس علامت کی وجہ کیا ہے اور وائرس کی وجہ سے پیروں پر یہ دانے اور نشانات کیوں بن رہے ہیں۔ماہرین کا کہنا ہے کہ اس کی دو ممکنہ وجوہات ہو سکتی ہیں۔ ایک یہ کہ کورونا وائرس کی وجہ سے خون کی وریدوں میں رکاوٹیں بن جانے سے لوگوں کے پیروں پر یہ دانے اور نشانات پڑ رہے ہیں یا پھر یہ اینٹی بائیوٹکس کا ری ایکشن ہو سکتا ہے، جو وہ کورونا وائرس کے علاج کے طور پر لے رہے ہیں۔واضح رہے کہ امریکہ میں کورونا وائرس کے 12لاکھ سے زائد کیس سامنے آ چکے ہیں اور 69ہزار اموات ہو چکی ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close