قرآن کا معجزہ، بزرگ خاتون نے 73 سال کی عمر میں پڑھ کر نہیں سن کرقرآن پاک حفظ کر لیا

الجیئر (پی این آئی) الجزائر سے تعلق رکھنے والی بزرگ مسلمان خاتون ’’ام منصف‘‘ (حاجیہ خدیجہ) نے73 برس کی عمر میں قرآن کریم حفظ کر لیاہے۔ ام منصف ایک ناخواندہ خاتون ہے جس نے کبھی اسکول پڑھا ہے، نہ انہوں نے بچپن میں ناظرہ اور قاعدہ پڑھا بلکہ انہوں نے اس وقت قرآن کریم حفظ کرنا شروع کیا، جب ان کی عمر 49 برس ہوچکی تھی۔ اس کے بعد ان کے پیٹ کا آپریشن بھی ہوا اور کمر جھک کر کمان بن گئی، مگر حاجیہ خدیجہ نے ہمت نہیں ہاری، چونکہ انہوں نے دیکھ کر پڑھنانہیں سیکھا تھا، اس لئے انہوں نے سن کر حفظ کرنا شروع کیا۔ ابتدا میں چھوٹی چھوٹی سورتیں یاد کرنا شروع کیں، اس کے بعد بڑی سورتوں کو ٹیپ ریکارڈر سے سن کر یاد کرتی رہیں۔
الجزائر کے اخبارسے بات چیت کرتے ہوئے خدیجہ کا کہنا تھا کہ مجھے قرآن کریم کی تمام سورتیں تو یاد ہوگئی ہیں، لیکن البقرۃ، النساء اور یٰسین کیسے لکھا جاتا ہے، یہ میں نہیں جانتی اور نہ قرآن کریم میں دیکھ کر بتاسکتی ہوں کہ یہ فلاں سورۃ ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ مجھے قرآن کریم کے ساتھ عشق کی حد تک محبت تھی، میں ہر وقت مسجد نبویؐ کے امام و خطیب شیخ علی الحذیفی کی آواز میں تلاوت سنتی ہوں اور انہی سے سن سن کر میں نے پورا قرآن پاک یاد کرلیا۔ حاجیہ خدیجہ سے جب پوچھا گیا کہ وہ عمر کے آخری حصے میں قرآن کریم حفظ کرنے کی طرف کیوں متوجہ ہوئیں، پہلے سے یہ مبارک کام کیوں نہیں شروع کیا؟ تو ان کا کہنا تھا کہ بچپن میں تو والدین اس طرف توجہ نہیں دلائی، نوجوانی میں شادی ہوگئی، شادی کے بعد شوہر کی خدمت اور بچوں کی پرورش میں مصروف ہوگئی۔ جب سارے بچوں کی شادیاں ہوگئیں تو میں نے اپنے آپ کو حفظ قرآن کیلئے وقف کردیا، تاہم شادی کے بعد بھی میں اکثر و بیشتر تلاوت سنتی تھی۔ میرے شوق کو دیکھ کر شوہر نے کہا کہ آپ قریبی مسجد جامع خلفائے الراشدین میں تجوید کی کلاس لینے جایا کریں، میں تذبذب کا شکار ہوگئی، کیونکہ اس سے گھریلو ذمہ داریوں میں خلل واقع ہوسکتا تھا اور میں نہیں چاہتی تھی کہ اہل خانہ میں سے کسی کو ایک کو بھی میرے بارے میں کچھ کہنے کا موقع ملے کہ یہ گھریلو کاموں سے جان چھڑانے کیلئے پڑھنے جاتی ہے۔ اس لئے میں نے ان تمام ذمہ داریوں سے سبکدوش ہونے کے بعد حفظ شروع کیا۔ حاجیہ خدیجہ کا کہنا تھا کہ میرے گھر والوں کو یہ تو معلوم تھا کہ میں قرآن کریم حفظ کررہی ہوں، مگر اس کے مکمل ہونے کی بات میں نے ان سے مخفی رکھی۔ کچھ عرصہ پہلے میں، میں نے مسجد کے امام صاحب کو مطلع کر دیا کہ مسجد میں میرے حفظ کی تکمیل میں ایک تقریب کا اہتمام کریں، جس کے بعد حاضرین مجلس میں مٹھائیاں تقسیم کی جائیں گی۔ جب تقریب شروع ہوئی تو میں بھی اپنی لاٹھی کے سہارے مسجد پہنچ گئی تو لوگوں کو جب معلوم ہوا کہ جس ’’بچی‘‘ کے حفظ کی تکمیل پر اس پروگرام کا انعقاد کیا گیا ہے، وہ میں ہوں۔ اسی وقت میرے شوہر اور بچوں کو بھی معلوم ہوا کہ میں حفظ مکمل کرچکی ہوں تو ان کی خوشی کا کوئی ٹھکانہ نہ رہا۔ بچے مجھ سے لپٹ کر رونے لگے۔ خدیجہ کے شوق کو دیکھ کران کے شوہر نے بھی قرآن کریم یاد کرنا شروع کردیا ہے۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close