سیاست ہو تو ایسی، مظفرآباد سے سینئر صحافی امتیاز احمد اعوان کی خصوصی تحریر

 

 

زیر نظر تصویر جہلم ویلی میں مظفرآباد سرینگر شاہراہ پر آزادکشمیر کے وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف آزادکشمیر کے صدر سردار تنویر الیاس اور مسلم لیگ ن آزادکشمیر کے سابق صدر اور سابق وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان کی ہے۔عید الفطر کے روز مرکری عید گاہ مظفرآباد کی جامع مسجد الحرمین شریفین میں ایک ہی صف میں نماز عید ادا کرنے کے بعد آزادکشمیر کے دوِبڑں کے درمیان کس موضوع پر کیا گفتگو ہو رہی ہے یہ تو معلوم نہیں ہو سکا البتہ پاکستان میں روزبروز بڑھتی ہوئی کشیدگی اور تیزی سے بدلتی سیاسی صورتحال کے تناظر میں اس تصویر کے پس پردہ کہانی میں ہرکوئی دلچسپی لے رہا۔

 

عینی شاہدین کا یہ کہنا ہے. کہ وزیراعظم سردار تنویر الیاس نے عیدکے روزجہلم ویلی کے دورہ کے موقع پر سابق وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان کی گاڑی کو دیکھتے ہی اپنا قافلہ روک لیا۔ دونوں راہنماوں نےاپنی اپنی گاڑیوں سے نیچے اترے کرایک دوسرے سے مصالحہ کیا اور پھربڑے ہی خوشگوار ماحول میں محو گفتگو ہوگئے ۔وزیراعظم سردار تنویر الیاس سے نظریاتی اختلاف اور انکے مخصوص انداز سیاست کو تنقید کا نشانہ بنانے والے سابق وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے آزادکشمیر میں سالہاسال سے جاری جمہوری اور سیاسی رواداری کی نہ صرف قابل تقلید مثال قائم کی بلکہ پاکستان کی سیاسی قیادت کو یہ واضح پیغام بھی دیا کہ وہ ملک وقوم کے وسیع تر مفاد میں جمہوری قدروں اور سیاسی واخلاقی رواداری کے اصولوں کو پامال نہ کریں ۔ایک دوسرے کوچور ڈاکو اورلٹیرے کہنے سے اجتناب کریں ۔ایک دوسرے کی ذات پرغلیظ الزامات لگانے سے باز رہیں ۔ملک کے آئین , قانون اور اخلاقیات کی دھجیاں بکھیرنے سے اجتناب کریں ۔

 

اعلیٰ عدلیہ اور قومی سلامتی کے اداروں کو کمزور کرنے کے بجائےان کو مضبوط کریں پارلیمنٹ کو بااختیار بنانے کے ساتھ ساتھ تمام آئینی اداروں کو آئین کے دائرے کے اندر رہتے ہوئے آئینی کردار ادا کرنے کیلئے ساز گار ماحول فراہم کریں اداروں کے تقدس کو ملحوظِ خاطر رکھیں ۔کیونکہ کنٹرول لائن کے آرپار بسنے والے کشمیری سیاسی, معاشی , دفاعی اور سفارتی اعتبار سے مستحکم پاکستان کو ہی اپنی آزادی اور حق خودارادیت کے حصول کا ضامن سمجھتے ہیں ۔پاکستان کے مخدوش سیاسی واقتصادی حالات اورعدلیہ سمیت قومی سلامتی کے ادروں کی بے توقیری کے نتیجہ میں پاکستان کی سلامتی اور کشمیر کی آزادی کیلئے جدوجہد کرنے والے کشمیری میں مایوسی پھیل رہی ہے ۔ وزیراعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس اور سابق وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر کی یہ تصویر آزادکشمیر کے عوام اور سیاسی کارکنوں کو یہ دعوت فکر دے رہی ہے کہ پاکستان کے اندر جو سیاسی کلچر پروان چڑھ ریا ہے اس کا راستہ روکنے کیلئے سیاسی رواداری کا دامن مضبوطی سے پکڑیں آزادکشمیر کی پرامن سیاسی فضا کو ایک دوسرے پر من گھڑت اور بے بنیاد الزامات کی آلودگی سے پاک رکھیں یہ تصویر پاکستان کے سیاسی قائدین کیلئے بھی قابل تقلید ہے کہ سیاست ہو تو ایسی۔۔۔۔!

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close