پریس اسلام آباد چیمبر کی طرف سے سینٹورس مال میں گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کی میگا نمائش کا انعقاد، ذلفی بخاری، علی نواز اعون اور سردار یاسر الیاس خان کا خطاب

اسلام آباد (پی این آئی) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے سینٹورس مال اسلام آباد کے تعاون سے سینٹورس کی اوپن پارکنگ میں آٹوموبائل برانڈز کا ایک میگا شو منعقد کیا جس کا مقصد معاشی سرگرمیوں کی بحالی کے لئے آٹوموبائل سیکٹر کی صلاحیت کو اجاگر کرنا تھا۔ آ ٹو شو میں تمام مقامی اور بین الاقوامی آٹو

برانڈز کو نمائش کیلئے پیش کیا گیا جن میں کاریں، ایس یو وی گاڑیاں، جیپیں، ہیوی بائک، موٹرسائیکلیں شامل تھیں۔ ان میں چین کی گاڑیوں سمیت ٹویوٹا، ہونڈا، یاماہا اسوزو، بینییلی، اپریلیا، پرانی و جدید ماڈلز شامل تھے۔ اس کے علاوہ آٹو شو میں لیمبورگھینی، فیراری، بی ایم ڈبلیو، رینج روور، اوڈی اور مرسڈیز سمیت دیگر

خصوصی آٹو برانڈز کی بھی نمائش کی گی۔ چیمبر کی طرف سے یہ اپنی نوعیت کا پہلا بڑا فری آف کاسٹ آٹو شو منعقد کیا گیا کیونکہ آٹو شو میں شرکت کرنے والے برانڈز سے کوئی چارجز نہیں لئے گئے۔ آٹو شو میں عوام کی سہولت کیلئے فوڈ سٹال اور دیگر کھانے پینے کی چیزوں کا بندوبست بھی کیا گیا۔ اس کے علاوہ آٹو شو کے اختتام پر عوام کی تفریح کیلئے ایک میوزیکل کنسرٹ کا اہتمام بھی کیا گیا۔ وزیر اعظم کے معاون

خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز اور ایچ آر ڈی سید ذوالفقار عباس بخاری (زلفی بخاری)نے بطور مہمان خصوصی آٹو شو کا افتتاح کیا جبکہ وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سی ڈی اے امور علی نواز اعوان بھی اس موقع پر موجود تھے۔ چیمبر کی سینئرنائب صدر فاطمہ عظیم، نائب صدر عبد الرحمن خان اور فاؤنڈر گروپ کے چیئرمین میاں اکرم فرید سمیت تاجر برادری کی ایک بڑی تعداد نے آٹو شو میں شرکت کی۔ کچھ غیر ملکی شہریوں سمیت ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے آٹو شو میں بھرپور شرکت کی

اور نمائش میں موجود مختلف اقسام کے آٹو برانڈز میں گہری دلچسپی لی۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز اینڈ ایچ آر ڈی زلفی بخاری اور وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سی ڈی اے امور علی نواز اعوان نے سینٹورس مال کے تعاون سے ایک شاندار آٹو شو منعقد کرنے پر آئی سی سی آئی کے اقدام کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس نے پاکستان سمیت دنیا بھر میں کاروباری سرگرمیوں کو بری طرح متاثر کیا ہے لہذا کورونا وائرس میں کمی کے بعد اس طرح کی نمائشوں کا انعقاد معیشت کی بحالی اور کاروبار کے فروغ کے لئے بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کروناوائرس کی صورتحال بہتر ہوتے ہی حکومت تجارتی میلوں اور نمائشوں کے انعقاد کی ہرممکن حوصلہ افزائی کرے گی کیونکہ پاکستان کو اپنی تجارت و برآمدات کو فروغ دینے اور اپنی معیشت کو مستحکم کرنے کے لئے مستقل بنیادوں پر ایسی سرگرمیوں کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار یاسر الیاس خان نے اپنے استقبالیہ خطاب میں کہا کہ آٹوسیکٹر ٹیکس ریونیو کو بہتر کرنے، زرمبادلہ کو فروغ دینے، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور ٹیکنالوجی کی منتقلی کر کے ہماری معیشت کی ترقی میں اہم کردار ادا کررہا ہے لہذا ملک کو موجودہ چیلنجوں سے نکالنے کے لئے اس سیکٹر کو مزیدمضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ آٹو سیکٹر قومی خزانے میں لگ بھگ

50 بلین روپے کا ریونیو دیتا ہے اور وینڈرز انڈسٹری کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرنے کے علاوہ تقریبا  35 لاکھ افراد کو روزگار مہیا کررہا ہے لہذا اس کی ترقی سے معیشت کیلئے مزید فائدہ مند نتائج برآمد ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ملک کے اندر آٹو سیکٹر کے تمام برانڈز تیار کرنے کیلئے پرکشش مراعات کا اعلان کرے تا کہ ملکی و غیر ملکی سرمایہ کار اس شعبے میں پاکستان میں سرمایہ کاری کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر کی طرف سے اسلام آباد میں میگا آٹو شو کے انعقاد کا مقصد آٹو سیکٹر کی صلاحیت کو اجاگرنا اور عوام کو ایک جگہ پر ہی اپنی پسند کی گاڑیاں اور موٹرسائیکلز دیکھنے کا موقع فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ آئی سی سی آئی آنے والے دنوں میں دیگر شعبوں کی نمائشیں بھی منعقد کرنے کی کوشش کرے گا تا کہ خطے میں کاروباری سرگرمیوں کو بہتر فروغ ملے اور تجارت و برآمدات میں اضافہ ہو۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close