اپیل کا فیصلہ ہونے سے پہلے بینک اکاؤنٹس سے رقوم نکالنا ناانصافی ہے، سردار یاسر الیاس

اسلام آباد (پی این آئی) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار یاسر الیاس خان نے کہا ہے کہ ٹیکس دہندگان کے انکم ٹیکس کیس ابھی اپیل کی سطح پر ہوتے ہیں کہ ایف بی آر ان کے بینک اکاؤنٹس سے رقوم نکال لیتا ہے جو سراسر زیادتی اور ناانصافی ہے لہذا انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایف بی آر فوری طور پر

اس پریکٹس کو بند کرے کیونکہ اس سے ٹیکس دہندگان کا اعتماد متزلزل ہوتا ہے جو معیشت کیلئے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔انہوں نے کہا جب محکمہ یا کسی کو بھی معلوم نہیں ہوتا کہ اپیل کا فیصلہ کیا ہو گا تو ٹیکس دہندگان کے بینک اکاؤنٹس سے رقوم نکالنے کا کوئی جواز نہیں بنتا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے غیر حقیقی ٹیکس ا ہداف کو پورا کرنے کے لئے ٹیکس دہنگان کے بینک اکاؤنٹس اٹیچ کرنا کسی بھی صورت میں ایک معقول طریقہ نہیں ہے لہذا انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایف بی آر ایسا کرنے سے گریز کرے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے تاجر برادری کے ایک وفد سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے کیا۔ چیمبر کی سینئر نائب صدر فاطمہ عظیم، نائب صدر عبدالرحمٰن خان، چیئرمین فاؤنڈر گروپ میاں اکرم فرید،چیمبر کی ٹیکس کمیٹی کے کنوینر نعیم صدیقی، فلور ملز ایسوسی ایشن کے چیئرمین شیخ طارق صادق، خالد چوہدری اور دیگر میٹنگ میں موجود تھے۔ چیئرمین فاؤنڈر گروپ میاں اکرم فرید نے کہا کہ تاجر و صنعتکار برادری نے کروناوائرس کے دوران حکومت سے مکمل تعاون کیا اور کاروبار نہ ہونے کے باوجود فیکٹریاں و کاروبار ادارے بند نہ ہونے دیئے جبکہ ورکروں کو بے روزگاری سے بچایا لیکن اس کے  بدلے میں ایف بی آر ایسے اقدامات لے رہا ہے جو ٹیکس گزاروں کو پریشان کر رہے ہیں جبکہ حکومت کے لئے بھی بدنامی کا باعث بن رہے ہیں لہذا ان حالات میں کاروبار کرنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ آئی سی سی آئی کی ٹیکس کمیٹی کے کنونیر نعیم صدیقی اور فلور ملز ایسوسی ایشن کے چیئرمین شیخ طارق صادق نے کہا کہ گزشتہ دنوں وزیر اعظم عمران خان نے احکامات

جاری کئے تھے کہ ٹیکس دہندگان کو پریشان نہ کیا جائے لیکن ایف بی آر نے اس کے برعکس عمل کرنا شروع کر دیا ہے اور غیر یقینی صورت حال پید ا کی جا رہی ہے جس سے حکومت کی اپنی ساکھ متاثر ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس دہندگان کے بینک اکاؤنٹس سے رقم نکالنا سر ا سر زیادتی ہے لہذا انہوں نے وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ اور چیئرمین ایف بی آر جاوید غنی سے اپیل کی کہ وہ اس صورت حال کا فوری نوٹس لیں اور محکمہ کو ٹیکس دہندگان کے بینک اکاؤنٹس اٹیچ کرنے سے سختی سے منع کریں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close