افریقہ میں کاروبار کے مواقع تلاش کرنے میں حکومت نجی شعبے سے تعاون کرے۔۔ سردار یاسر الیاس خان کی امیر محمد خان سے گفتگو

اسلام آباد (پی این آئی) روانڈا کیلئے نامزد پاکستان کے ہائی کمشنر امیر محمد خان نے کہا کہ پاکستان کیلئے ا فریقہ کے ساتھ تجارت و برآمدات کو فروغ دینے کے وسیع مواقع موجود ہیں لہذا پاکستان کی تاجر برادری کاروبار کیلئے افریقی خطے پر زیادہ توجہ دے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ

انڈسٹری کے دورہ کے موقع پر چیمبر کے صدر سردار یاسر الیاس خان سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے کیا۔ چیمبر کی سینئر نائب صدر فاطمہ عظیم، نائب صدر     عبد الرحمن خان، محمد عجاز عباسی، محمد سعید خان، عثمان خالد، شوکت حیات خان، محمد جاوید اقبال، عمر حسین، محمد شاکر، محمد اویس خٹک، رانا قیصر شہزاد، راجہ حسن اختر، خالد چوہدری، اشفاق چٹھہ اور نوید ملک بھی اس موقع پر موجود تھے۔ امیر محمد خان نے کہا کہ روانڈا افریقی خطے میں ایک اہم مقام پر واقع ہے اور اس کے ساتھ قریبی کاروباری تعاون فروغ دے کر پاکستان افریقی مارکیٹ میں بہتر رسائی حاصل کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ باہمی تجارت کو بہتر کرنے کیلئے پاکستان اور روانڈا حکومتی اور نجی سطح پر بہتر روابط قائم کرنے پر خصوصی توجہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ تنزانیہ میں بھی پاکستان کے سفیر کی ذمہ داریاں نبھا چکے ہیں اور پاکستان کیلئے تنزانیہ کے ساتھ بھی کاروباری تعلقات کو فروغ دینے کے بہت سارے مواقع موجود ہیں لہذا کاروباری برادری تنزانیہ کی مارکیٹ میں کاروبار کے مواقع تلاش کرنے کی کوشش کرے۔ انہوں نے کہا کہ چین اور ہندوستان نے کاروباری مواقعوں سے فائدہ اٹھانے کیلئے افریقی خطے میں اپنی موجودگی میں اضافہ کیا ہے لہذا ضرورت اس بات کی ہے کہ پاکستان بھی افریقہ میں اپنا مقام بنانے کیلئے کوششیں تیز کرے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وہ

روانڈا کے ذریعہ افریقی مارکیٹ تک رسائی حاصل کرنے کیلئے پاکستان کے نجی شعبے کے ساتھ ہرممکن تعاون کریں گے تا کہ وہ افریقہ کے ساتھ اپنی تجارت اور برآمدات میں اضافہ کر سکیں۔ اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار یاسر الیاس خان نے کہا کہ پاکستان نے افریقہ کی مارکیٹ کو طویل عرصے سے نظرانداز کیا جس کی وجہ سے دوسرے ممالک کو اس مارکیٹ میں اپنی جگہ بنانے کا موقع ملا ہے تاہم انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت لوک افریقہ پالیسی پر بہتر توجہ دے رہی ہے جس سے نجی شعبے کو افریقی خطے میں کاروباری مواقع تلاش کرنے میں سہولت ہو گی۔انہوں نے کہا کہ افریقی خطے کی مجموعی تجارت کا حجم ایک کھرب امریکی ڈالر تک ہے لیکن پاکستان کا اس میں حصہ صرف 3 ارب ڈالر تک ہے جو بہت کم ہے۔ لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان افریقی ممالک میں مزید سفارت خانے اور کمرشل سیکشن کھولے تاکہ وہ پاکستان کیلئے تجارت و برآمدات کے نئے مواقع تلاش کرنے میں تعاون کریں۔ سردار یاسر الیاس خان نے کہا کہ ٹیکسٹائل، ریڈی میڈ گارمنٹس، فارماسیوٹیکلز، زرعی مصنوعات، سیمنٹ اور سرجیکل سامان سمیت پاکستان اپنی متعدد مصنوعات افریقہ کو برآمد کرسکتا ہے لہذا حکومت افریقی ہم منصبوں کے ساتھ کاروباری روابط کو فروغ دینے میں نجی

شعبے کے ساتھ تعاون کرے۔ انہوں نے کہا کہ تنزانیہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد نے گذشتہ دنوں اسلام آباد چیمبر آف کامرس کا دورہ کیا تھا جبکہ آئی سی سی آئی بھی اپنا ایک تجارتی وفد تنزانیہ اور دیگر افریقی ممالک لے جانے کا منصوبہ بنا رہا ہے تاکہ افریقی خطے کے ساتھ کاروباری تعلقات کو بہتر کیا جائے۔ چیمبر کی سینئر نائب صدر فاطمہ عظیم، نائب صدر عبد الرحمن خان اور کاروباری برادری کے دیگر ممبران نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور اس بات پر زور دیا کہ حکومت پاکستان کے اعلیٰ حکام تجارتی وفود کے ساتھ افریقہ کا دورہ کرنے پر غور کریں جس سے افریقی خطے کے ساتھ پاکستان کے تجارتی تعلقات کو بہتر بنانے میں مثبت پیش رفت ہو گی۔ 

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں