حکومت اوپن مارکیٹ میں گندم کی قیمت بڑھنے کا نوٹس لے، عبدالرحمٰن خان

اسلام آباد (پی این آئی) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر عبدالرحمٰن خان نے کہا کہ ملک میں گندم کی کمی اور آٹے کی قیمت بڑھنے کا نوٹس لیتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے گندم درآمد کرنے کے احکام جاری کئے تھے اور فلور ملوں کا کوٹہ بھی بڑھا دیا گیا جس کے نتیجے میں آٹے کے بحران

پر قابو پا لیا گیا تھا اور آٹے کی قیمت میں بھی بتدریج کمی واقع ہوئی تھی۔ تاہم انہوں نے کہا کہ اب اوپن مارکیٹ میں گندم کی قیمت پھر اپنی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے جو تشویشناک ہے۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ اگر اوپن مارکیٹ میں گندم کی قیمت پر کنٹرول نہ کیا گیا تو فلور ملوں پر دباؤ بڑھ جائے گا اور ان حالات میں اوپن مارکیٹ میں آٹے کی قیمت کنٹرول میں نہیں رہے گی۔لہذا انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اس بگڑتی ہوئی صورتحال کا فوری نوٹس لے اور ہنگامی بنیادوں پر اصلاحی اقدامات اٹھائے تا کہ عوام کو مہنگے آٹے کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ عبدالرحمٰن خان نے مزید کہا کہ فلورملز ایسوسی ایشن نے علاقے کے فوڈ کنٹرولر اور پنجاب فوڈ ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ ہمیشہ تعاون کیا ہے اور سرکاری ریٹ پر سختی سے عمل درآمد کرایا جاتا ہے۔ انہو ں نے کہا کہ اسلام آباد میں 15سیلز پوائنٹس لگائے گئے ہیں جہاں پر سرکاری ریٹ پر آٹا فروخت کیا جاتا ہے جبکہ ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر اور ان کی ٹیم باقاعدگی کے ساتھ سیلز پوائنٹس کی چیکنگ کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ راولپنڈی میں تقریبا 70سیلز پوائنٹس لگائے گئے ہیں جبکہ 16سہولت اور سستے بازاروں میں آٹا سرکاری ریٹ پر فروخت کیا جاتا ہے۔ تاہم انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت گندم کی کمی کا فوری نوٹس لے کیونکہ اوپن مارکیٹ میں گندم مہنگی ہونے سے کوٹہ والی فلور ملوں پردباؤ بڑھے گا

اور عوام کیلئے آٹا مزید مہنگا ہونے سے ان کی مشکلات میں اضافہ ہو گا۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں