اسلام آباد (پی این آئی) آل پاکستان انجمن تاجران اور ٹریڈرز ایکشن کمیٹی اسلام آباد کے صدر اجمل بلوچ، سیکریٹری خالد چوہدری، شفیق عباسی، یاسر عباسی، اسد عزیز، احمد خان، عبدالغفار چودھری، محبوب احمد خان اور سید الطاف حسین شاہ نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی نے اسد عمر راجہ خرم نواز اور علی نواز اعوان
کی طرف سے پیش کردہ کرایہ داری کا ترمیمی بل پاس کر لیا ہے جسے تین ماہ کا عرصہ گزر چکا ہے۔ سینیٹ کا اجلاس آئندہ چند روز میں متوقع ہے حکومت فوری طور پر قانون کرایہ داری کا بل سینیٹ سے پاس کروائے تاکہ اسلام آباد کی تاجر برادری کو ریلیف مل سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد کی مختلف مارکیٹوں میں پارکنگ کا مسئلہ شدت اختیار کر چکا ہے جس کی وجہ سے تجارتی سرگرمیوں پر منفی اثر پڑ رہا ہے آبپارہ مارکیٹ اسلام آباد کا گیٹ وے ہے اور ملٹی سٹوری پارکنگ مسجد کے ساتھ گرین ایریا اور سابقہ جی ٹی ایس ڈے پر تعمیر کی جاسکتی ہے۔ اس کے علاوہ ایف ٹین مرکز، ایف سکس مرکز سپر مارکیٹ، جی الیون، ایف الیون، آئی ایٹ اور دیگر مارکیٹوں میں ملٹی سٹوری پارکنگ پلازہ تعمیر کر کے مسئلہ حل کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے چیئرمین سی ڈی اے عامر علی احمد سے اپیل کی کہ وہ شاہراہوں کے علاوہ مارکیٹوں کی سٹریٹ لائٹس کی مرمت کرنے کے احکامات جاری کریں انہوں نے ترقیاتی کام کروانے پر چیئرمین سی ڈی اے کا شکریہ ادا کیا۔۔۔۔ میلوڈی مارکیٹ میں دن دہاڑے ڈکیتی وفاقی حکومت کے لیے چیلنج ہے۔ اجمل بلوچ، خالد چوہدری، زاہد بٹ اسلام آباد (پی این آئی) میلوڈی مارکیٹ میں آج صبح اسلام آباد جیولرز کی دکان پر دن دیہاڑے ڈکیتی کی کوشش کی گئی اور ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے بعد
ازاں مارکیٹ کے دکانداروں نے کاروبار بند کر کے احتجاجی مظاہرہ کیا اور ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ آل پاکستان انجمن تاجران اور ٹریڈرز ایکشن کمیٹی اسلام آباد کے صدر اجمل بلوچ نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میلوڈی مارکیٹ میں ڈکیتی والی دکان آبپارہ سے چند قدم اور وزیراعظم سیکریٹریٹ سے چند سو میٹر کے فاصلے پر ہے جو کہ وفاقی حکومت کے لیے لمحہ فکریہ اور چیلنج کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سات روز کے اندر ملزمان کو گرفتار کیا جائے ورنہ اسلام آباد بھر کے تاجر سخت احتجاج کریں گے۔انہوں نے کہ اسلام آباد میں وارداتوں میں آئے روز اضافہ ہو رہا ہے اگر ہنگامی بنیادوں پر ان کو کنٹرول نہ کیا گیا تو حالات بگڑ سکتے ہیں۔ سیکریٹری ٹریڈرز ایکشن کمیٹی خالد چوہدری اور جنرل سیکریٹری میلوڈی ٹریڈرز ایسوسی ایشن نعیم اچکزئی نے کہا کہ آج وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید کو میلوڈی مارکیٹ آنا چاہیے تھا سیف سٹی پروجیکٹ کو فعال کیا جائے اور جوائنٹ رینجر اور پولیس پر مبنی گشت کو دوبارہ فعال کیا جائے انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت تاجر برادری کو تحفظ فراہم کرے اور ملزمان کو گرفتار فوری طور پر کیا جائے۔ اس موقع پر سید عادل انیس، زاہد بٹ، بلال خان اور جیولرز ایسوسی ایشن اسلام آباد کے جنرل سیکریٹری شمیم احمد نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور ملزمان کو گرفتار کرنے کا مطالبہ
کیا۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں