پوائنٹ آف سیلز ڈیوائس لگانے کا فیصلہ موخر کیا جائے، اجمل بلوچ، خالد چوہدری، احمد خان کا مطالبہ

اسلام آباد (پی این آئی) آل پاکستان انجمن تاجران اور ٹریڈرز ایکشن کمیٹی اسلام آباد کے صدر اجمل بلوچ، سیکرٹری خالد چوہدری، سید الطاف شاہ، عبدالغفار چوہدری، آفتاب گجر، اسد عزیز، شہزاد عباسی اور احمد خان نے کہا ہے کہ ایف بی آر کی طرف سے بڑے بڑے تجارتی اداروں میں پی او ایس پوائنٹ آف سیل ڈیوائس

کی تنصیب کے فیصلہ سے تاجر برادری کے لیے مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ پہلے ہی انکم ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کی تاریخ میں توسیع نہ کر کے ایف بی آر نے تاجر دشمنی کا ثبوت دیا ہے۔ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ایف بی آر تاجروں اور حکومت کے درمیان اختلافات بڑھانا چاہتا ہے اس سے قبل بھی ایسا کیا گیا تھا جس کا جواب تاجربرادری نے اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے سخت احتجاج اور ملک گیر ہڑتال کی شکل میں دیا تھا۔ انہوں نے وزیراعظم عمران خان اور وفاقی وزیر خزانہ حفیظ شیخ سے اپیل کی کہ وہ صورتحال کا نوٹس لیں اور پی او ایس کی تنصیب کا فیصلہ موخر کروائیں اور انکم ٹیکس ریٹرن کی تاریخ 31 جنوری تک بڑھانے کی ہدایت کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ 9 ماہ سے تاجر کورونا کی وجہ سے سخت متاثر ہوئے ہیں کاروبار ابھی تک نارمل پوزیشن میں نہیں آئے۔ ملازمین کی تنخواہیں اور دکانوں کے کرایہ ادا کرنا مشکل ہو گئے ہیں۔ ان حالات میں شناختی کارڈ کی شرط نے تجارتی سرگرمیوں کو مزید ماند کر دیا ہے، کوئی بھی خریدار شناختی کارڈ دینے کو تیار نہیں ایف بی آر فی الحال اس شرط کو ختم کرے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں