کراچی (این این آئی)ایف پی سی سی آئی کے نیشنل بزنس گروپ کے چیئرمین، پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولز فور م وآل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر اور سابق صوبائی وزیر میاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ امریکی عوام نے چار سال قبل کے الیکشن میں غلطی کی اصلاح کرتے ہوئے جو بائیڈن کو منتخب کر لیا ہے
جس سے انھیں سکھ کا سانس لینا نصیب ہو گا۔اس سے دنیابھر میں کشیدگی، تنازعات ،انسانی حقوق کی پامالیوں اور مختلف طاقتور ممالک کے مابین تجارتی کشمکش میں کچھ کمی آ نے کا امکان ہے۔میاں زاہد حسین نے کاروباری برادری سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سابق صدر ٹرمپ نے کئی معاملات پر انتہائی غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا جبکہ ان کے غیر متوقع اقدامات اور متنازعہ پالیسیوں کی وجہ سے امریکہ اور ساری دنیا پریشان رہی۔انھوں نے کرونا کی وباء سے نمٹنے میں بھی دلچسپی نہیں لی جبکہ نئے صدرجو بائیڈن اسے اولین ترجیح دینگے اور صحت عامہ کے نظام کو بہتر بنائیں گے۔اسکے علاوہ امریکی اور عالمی معیشت اور ماحولیاتی تبدیلی کو بھی توجہ دی جائے گی جبکہ بہت سی متنازعہ پالیسیوں کو ختم کیا جائے گا۔امریکہ دوبارہ پیرس کلب میں شامل ہو جائے گا، عالمی ادارہ صحت سے دستبرداری کا فیصلہ الٹ دیا جائے گااور مسلمان ملکوں پرسفری پابندیاں ہٹا لی جائیں گی۔تقسیم شدہ ملک کو دوبارہ متحد کیا جائے گا، سیاسی مخالفین اورتارکین وطن کو دشمن نہیں سمجھا جائے گا، نسلی تنائو ختم کیا جائیگا، روزگار کی بحالی اور تنخواہوں میں اضافہ کو ترجیح دی جائے گی جبکہ عوام کیلئے سستے گھروں کا منصوبہ بھی شروع کیا جائے گا۔نئے صدر کے دور میں کئی صنعتیں امریکہ سے دیگر ممالک کو منتقل ہو جائیں گی جس سے پاکستان جیسے ممالک کو فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔انھوں نے کہا کہ ٹرمپ کی سب سے پہلے امریکہ کی پالیسی نے اس ملک کو تنہا کر دیا ہے جسے ختم کر نے سے امریکہ کی ساکھ دوبارہ بہتر ہو جائے گی، متعدد ممالک کے تعلقات امریکہ سے بہتر ہو جائیں گے اور ایران دوبارہ جوہری معاہدہ کر لے گا جس سے بین الاقوامی سیاسی صورتحال بہتر ہو سکتی ہے جبکہ پاکستان کے ساتھ امریکہ کے معاندانہ روئیے میں بھی قدرے کمی کا امکان ہے ۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں