اسلام آباد ( پی این آئی) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار یاسر الیاس خان نے پنجاب حکومت کی طرف سے آر ڈی اے کے ذریعے راولپنڈی رنگ روڈ (آر تھری) منصوبہ شروع کرنے کے اقدام کو سراہا کیونکہ اس سے جڑواں شہروں سمیت خطہ پوٹھوہار میں ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔ انہوں
نے کہا کہ آرتھری کے دونوں اطراف بزنس سنٹرز، صنعتی زونز، ٹرانسپورٹ ٹرمینلز، پھلوں اور سبزیوں کی ہول سیل مارکیٹ، لاجسٹک اینڈ ایجوکیشن سنٹرز، ہیلتھ سٹی، ڈرائی پورٹ، تفریحی پارک اور رہائشی علاقے تعمیر کیے جائیں گے جس سے خطے میں سرمایہ کاری اور صنعتکاری کو بہتر فروغ ملے گا، روزگار کے بہت سے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور علاقے کی معیشت تیزی سے ترقی کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ آر تھری منصوبے کی تکمیل سے نہ صرف جڑواں شہروں میں ٹریفک کا رش کم ہو گا، بلکہ صاف ستھرے اور صحتمند ماحول کو فروغ ملے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی ایگزیکٹو باڈی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سردار یاسر الیاس خان نے آر تھری کے ارد گرد بننے والے اسپیشل اکنامک زونز کی تیاری میں نجی شعبے کی مشاورت حاصل کرنے کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دینے پر آر ڈی سے کے اقدام کو سراہا اور آئی سی سی آئی کے صدر کو اس کمیٹی کا ممبر بنا نے پر آر ڈی اے انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ کمیٹی کی تشکیل ایک بہت ہی مثبت پیشرفت ہے کیوں کہ اس سے نجی شعبے کی آراء کی روشنی میں اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی بنیاد پر اسپیشل اکنامک زون قائم کرنے میں کافی سہولت ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ جب نجی شعبے کے نمائندگان کی مشاورت سے اکنامک زونز تعمیر کئے جائیں گے تو یہ زونز سرمایہ کاروں کے تمام خدشات کو دور کریں گے اور موجودہ دور کی صنعتی ضروریات کو زیادہ موثر انداز میں پورا کریں گے۔ اس طرح یہ زونز علاقائی معیشت کو پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کرنے میں معاون ثابت ہوں گے۔ ۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں