قانون کرایہ داری کا ترمیمی بل قومی اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔ راجہ خرم نواز کنسٹریکشن پیکج کی آخری تاریخ میں 30جون 2021تک توسیع کی جائے۔ محمد احمد وحید

اسلام آباد ( پی این آئی  ) ممبر قومی اسمبلی اور قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے چیئرپرسن راجہ خرم شہزاد نواز نے یقین دہانی کرائی کہ وہ اپنی پوری کوشش کریں گے کہ قومی اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں اسلام آباد کے لئے قانون کرایہ داری کا ترمیمی بل پیش کیا جائے تا کہ اس کو پاس کرا کے قانون کی شکل دی

جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے موقع پر تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ پہلے ہی ترمیمی بل کو پاس کر چکی ہے اور اب اس کی منظوری کے لئے قومی اسمبلی کے اگلے اجلاس میں پیش کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس سی ڈی اے، پولیس، آئیسکو سمیت دیگر محکموں سے متعلق کاروباری برادری کے مسائل کو تحریری طور پر ان کو بھیجے اور یقین دہانی کرائی کہ وہ ان کے حل کے لئے کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ بزنس کمیونٹی کا موقف حاصل کرنے کے لئے سی ڈی اے ماسٹر پلان پر نظرثانی کرنے والی کمیٹی میں چیمبر کے صدرکو شامل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ راجہ خرم شہزاد نواز نے کہا کہ شہریوں کے ٹرانسپورٹ مسائل کو حل کرنے کے لئے اسلام آباد میں ایک ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے قیام کیلئے کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بارہ کہو میں فلائی اوور اگلے مالی سال میں تعمیر کیا جائے گا کیونکہ کچھ تکنیکی وجوہات اس سال اس کی تاخیر کا سبب بنی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کیلئے ایک رنگ روڈ بنائی جائے گی جس کے لئے سروے جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی معیشت میں اہم اسٹیک ہولڈر ہے لہذا کاروبار کرنے میں آسانیاں پیدا کرنا حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی کے اشتراک سے اسلام آباد کو ایک ماڈل سٹی کی حیثیت سے ترقی دی جائے گی۔ اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد احمد وحید نے حکومت کی طرف سے تعمیراتی شعبے کیلئے ایک پرکشش پیکیج کا اعلان کرنے کے اقدام کو سراہا جس سے معیشت مستحکم ہونے کی توقع ہے۔ تاہم انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت پیکج کی آخری تاریخ میں 31 دسمبر2020 سے بڑھا کر 30 جون 2021 تک توسیع کرے تاکہ زیادہ سے زیادہ سرمایہ کار تعمیراتی صنعت میں سرمایہ کاری کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ قانون کرایہ داری کا ترمیمی بل پارلیمنٹ سے جلد منظور کرایا جائے کیونکہ یہ تاجربرادری کا ایک دیرینہ مسئلہ ہے اور اس قانون کے پاس ہونے سے تاجروں کے خدشات دور ہوں گے جس سے کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر طاہر عباسی اور نائب صدر سیف الرحمن خان نے کہا کہ اسلام آباد میں لینڈ رجسٹری چارجز پانچ فیصد ہیں جبکہ پنجاب میں صرف ایک فیصد ہیں لہذا انہوں نے مطالبہ کیا کہ وفاقی دارالحکومت میں بھی ان چارجز کو کم کر کے ایک فیصد کیا جائے جس سے تعمیراتی شعبے میں کاروباری سرگرمیوں میں تیزی آئے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد کے تمام اہم تھانوں میں مصالحتی کمیٹیوں کو بحال اورفعال کیا جائے جس سے پولیس پر دباؤ کم ہوگا اور افہام و تفہیم سے مسائل جلد حل ہوں گے۔ محمد اعجاز عباسی، ظفر بختاوری، چوہدری محمد علی، ملک رب نواز، اسلم کھوکھر، خالد قریشی، وقار بختاوری، خالد چوہدری اور دیگر نے بھی اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے تاجر برادری کے مختلف مسائل کی نشاندہی کی اور ان کے حل کیلئے تجاویز دیں۔۔۔۔ 

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close