ایف بی آر انکم ٹیکس گوشوارے من و عن تسلیم کرے،اجمل بلوچ کورونا کی وجہ سے تاجر ٹیکس کا مزید بوجھ نہیں اٹھا سکتے،خالد چوہدری

اسلام آباد (پی این آئی )آل پاکستان انجمن تاجران اور ٹریڈرز ایکشن کمیٹی اسلام آباد کے صدر اجمل بلوچ اور سیکریٹری خالد محمود چوہدری نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کی وجہ سے گزشتہ چار ماہ سے تاجر مشکلات کا شکار ہیں۔ کاروباری اخراجات پورے کرنا مشکل ہو رہے ہیں دکانوں کے کرائے، بجلی گیس کے بل اور

ملازمین کی تنخواہیں بھی ادا کرنا مشکل ہو گیا ہے۔ ایسے حالات میں ٹیکس کی ادائیگی بہت مشکل ہو گئی ہے امسال کمپیوٹر کے ذریعے انکم ٹیکس کے کیسز چھان بین کے لیے چنے گئے من و عن تسلیم کیے جائیں۔ انہوں نے چیئرمین ایف بی آر جاوید غنی سے مطالبہ کیا ہے کہ موجودہ حالات کے پیش نظر تاجروں کو نوٹس جاری نہ کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ سال ٹیکس وصولی کے اہداف میں ایک ہزار ارب کا اضافہ کیا گیا ہے اور سمجھ سے بالاتر ہے یہ ٹارگٹ کیسے حاصل کیا جائے گا ایف بی آر نئے ٹیکس گزار رجسٹر نہیں کر رہا ہے ایسے حالات میں موجودہ ٹیکس دہندگان کو مزید نچوڑا جائے گا جبکہ کورونا سے متاثرہ تاجر ٹیکس کا مزید بوجھ اٹھانے کے قابل نہیں۔ انہوں نے مشیر خزانہ حفیظ شیخ سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ وہ موجودہ سال کے انکم ٹیکس گوشوارے من و عن تسلیم کرنے کے احکامات جاری کریں۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close