وزیر اعظم تاجروں کی معاشی بدحالی کا نوٹس لیں، اجمل بلوچ، شہزاد عباسی فاقہ کشی سے بچنے کے لئے کاروبار کھولنے دیا جائے۔ ثاقب عباسی، خالد چوہدری

اسلام آباد ( پی این آئی) آل پاکستان انجمن تاجران اور ٹریڈرز ایکشن کمیٹی اسلام آباد کے صدر اجمل بلوچ نے سیکریٹری ٹریڈرز ایکشن کمیٹی اسلام آباد خالد چوہدری کے ہمراہ ٹریڈر ویلفیئر ایسوسی ایشن سپر مارکیٹ ایف سکس مرکز کے صدر شہزاد عباسی، چیئرمین سعید خان سینئر نائب صدر اور سابق صدر اسمال ٹریڈرز چیمبر

ثاقب عباسی، شیخ عبدالوحید، حبیب الرحمان عباسی اور دیگر عہدیداران سے ملاقات کی اور 18 جولائی بروز ہفتہ شاہراہ دستور پر ہارن بجائو حکمران جگائو احتجاجی مظاہرے میں شرکت کی دعوت دی۔ اس موقع پر اجمل بلوچ نے کہا کہ گزشتہ چار ماہ کے لاک ڈاؤن نے تاجروں کو برباد کر دیا ہے۔ ریسٹورنٹ، شادی ہال، مارکیز، جم، بیوٹی پارلر، ہوٹل، پلے لینڈ سمیت کئی اقسام کے کاروبار ابھی تک بند ہیں، کرایہ اتنا زیادہ ہے کہ تاجروں کے ڈیفالٹ ہونے کا خدشہ ہے۔ ملازمین کو تنخواہیں دینے کے لیے رقم نہیں ہے، بجلی کے تھری فیز کنکشن حکومتی امداد سے ابھی تک محروم ہیں۔ انہوں نے وزیراعظم عمران خان سے اپیل کی کہ وہ کورونا کے مارے تاجروں کی معاشی بدحالی کا نوٹس لیں اور بلاسود قرضوں سمیت دیگر مراعات کے امدادی پیکیج کا اعلان کریں۔ انہوں نے تمام تاجروں سے اپیل کی کہ وہ 18 جولائی بروز ہفتہ تین بجے زیرو پوائنٹ پر اپنی اپنی گاڑیوں میں آئیں۔ٹریڈرز ویلفئیر ایسوسی ایشن سپر مارکیٹ کے صدر شہزاد عباسی اور چیئرمین سعید خان نے اس موقع پر کہا کہ ہماری ایسوسی ایشن انجمن تاجران کی طرف سے دیے گئے تمام مطالبات کی بھرپور حمایت کرتی ہے اور انشاءاللہ تجارتی مظاہرے میں بھرپور شرکت کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فاقہ کشی سے تاجروں کو بچانے کے لیے ریسٹورنٹ، ہوٹل، مارکیز سمیت ہر قسم کے کاروبار اوپن کیے جائیں۔ ہفتہ وار چھٹی ختم کی جائے اور اوقات کار میں اضافہ کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد میں زیادہ تر دوکانوں پر تھری فیز میٹر لگے ہیں جو ابھی تک حکومتی رعایت کے منتظر ہیں۔ٹریڈرز ایکشن کمیٹی اسلام آباد کے سیکریٹری خالد محمود چوہدری اور اسمال ٹریڈرز چیمبر کے سابق صدر ثاقب عباسی نے کہا کہ تاجر اس وقت سخت مشکلات کا شکار ہیں کاروبار نہ ہونے کی وجہ سے بے روزگاری میں اضافہ ہوگا اور مہنگائی کا طوفان آئے گا۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close