اسلام آباد میں کرونا وائرس کنٹرول کرنے میں ڈپٹی کمشنر کا کردار قابل ستائش ہے ،محمد احمد وحید  مسائل حل کرنے میں تاجر برادری نے ہمیشہ انتظامیہ سے تعاون کیا ہے،حمزہ شفقات ڈپٹی کمشنر

اسلام آباد ( پی این آئی ) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد احمد وحید نے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات سے چیمبر میں ملاقات کی اور وفاقی دارالحکومت کی تاجر برادری کو در پیش مختلف مسائل پر ان کے ساتھ بات چیت کی۔ اس موقع پرمحمد احمد وحیدنےا سلام آباد چیمبر آف کامرس میں ضلعی

انتظامیہ کی طرف سے سہولت ڈیسک قائم کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ حمزہ شفقات نے تاجر برادری کے مسائل کو حل کرانے میں ہمیشہ چیمبر کے ساتھ بھرپور تعاون کیا ہے اس کے علاوہ انہوں نے ہمیشہ تاجر برادری کو اعتماد میں لے کر اور ان کی مشاورت سے لاک ڈاؤن سمیت دیگر اہم فیصلے کئے ہیں جس وجہ سے ان کو تاجر برادری اور عام شہریوں میں کافی پذیرائی حاصل ہے۔محمد احمد وحید نے کہا کہ اسلام آباد میں کرونا وائرس پر قابو پانے میں ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے موثر کردار ادا کیا ہے اور اس سلسلے میں ان کی کوششیں قابل ستائش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس جگہ بھی کوئی مسئلہ پیدا ہو ڈپٹی کمشنر انتظامیہ کے ساتھ وہاں موجود ہوتے ہیں اور اسلام آباد کے شہری ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد چیمبر ان کی بہترین خدمات کے عوض انہیں ایوارڈ پیش کرے گا۔ڈپٹی کمشنراسلام آبادحمزہ شفقات نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہر بھر میں کوئی بھی مسئلہ ہو تاجر برادری نے ہمیشہ انتظامیہ کی طرف تعاون کا ہاتھ بڑھایا ہے جس سے مسائل کو حل کرنے میں آسانی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے تاجر برادری کی سہولت کے لئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں جو سہولت ڈیسک قائم کیا ہے اس کا افتتاح عنقریب کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اس ڈیسک کے قائم ہونے سے بزنس کمیونٹی کو ڈی سی آفس اور انتظامیہ سے متعلقہ تمام سروسز چیمبر میں فراہم ہوں گی جس سے امید ہے کہ ان کے مسائل بہتر حل ہوں گے۔  ۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close